مہنگائی میں کمی،پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ،آئی ایم ایف کااعتراف

اسلام آباد،دبئی :(مشرق نیوز)آئی ایم ایف حکومتی کا رکردگی کامعترف،پاکستان کے ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کا اعتراف کرلیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کرسٹالینا جارجیوا کی ورلڈ گورنمنٹس سمٹ (ڈبلیو جی ایس) 2025 کے موقع پر دبئی میں ملاقات ہوئی،آئی ایم ایف پروگرام ، حکومتی اصلاحات کے ذریعے حاصل ہونے والے میکرو اکنامک استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی توسیعی فنڈ سہولت (EEF) کے تحت ہونے والی پیش رفت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اصلاحات کی رفتار بالخصوص ٹیکس اصلاحات، توانائی شعبے کی بہتر کارکردگی و نجی شعبے کی ترقی جیسے اہم شعبوں میں پیشرفت کو برقرار رکھنے کیلئے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔

منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے آئی ایم ایف تعاون سے چلنے والے قرض پروگرام کو موثر طریقے سے نافذ کرنے میں حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا پاکستانی معیشت استحکام کے بعد ترقی کی سمت میں گامزن ہونے کےساتھ پاکستان میں افراط زر میں کمی کےساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے،پاکستان معاشی بحالی کے حصول کے بعد ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

کرسٹالینا جارجیوا نے اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت اور ذاتی عزم کی بھی تعریف کی جنہوں نے پاکستان کے معاشی استحکام و ترقی کے حصول میں اہم کردار ادا کیا،آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے طویل مدتی معاشی استحکام کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل مالیاتی نظم و ضبط، ادارہ جاتی اصلاحات اور موثر گورننس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت کیلئے آئی ایم ایف کے عزم کا اعادہ کیا۔

بعدازاں ایم ڈی آئی ایم ایف نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کو شاندار قرار دےدیا،مینیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا نے کہاآئی ایم ایف کی حمایت یافتہ اصلاحات پر وزیراعظم شہباز شریف کا عزم حوصلہ افزا ہے،نوجوانوں کی ترقی اور روزگار پر پاکستانی حکومت کے فیصلہ کن اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔

ادھر پاکستان میں موجود آئی ایم ایف کے خصوصی وفد نے آڈیٹر جنرل ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن اور وزارت قانون کے حکام سے اہم ملاقاتیں کیں،ذرائع کے مطابق وفد کو پبلک سیکٹر میں آڈٹ ، شفافیت ،ججز تعیناتی کے طریقہ کار،ٹیکس اصلاحات پر بریفنگ دی گئی،آئی ایم ایف مشن نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کا بھی دورہ کیا ۔