اسلام آباد:(بیورورپورٹ)لیبیاکشتی حادثے میں ڈوبنے والے 63پاکستانی نکلے ،بیشتر جاں بحق ہوگئے،دفتر خارجہ نے تصدیق کردی،قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے حکام نے کہالیبیا کشتی حادثے میں ڈوبنے والے 73 میں سے 63 پاکستانی تھے ،بیشتر جاں بحق ہوگئے ۔
سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کو دی گئی بریفنگ میں دفتر خارجہ حکام نے بتایا لیبیا میں کشتی حادثہ 8 فروری کو رونما ہوا جس میں 73 افراد کے سوار ہونے کی اطلاعات ہیں،حادثے میں 2 پاکستانی شہری زندہ بچ گئے، جنہوں نے اطلاع دی 63 پاکستانی اور 10 بنگلا دیشی کشتی میں سوار تھے، کشتی میں سوار افراد کی اکثریت جاں بحق ہوگئی اور جاں بحق پاکستانیوں کی اکثریت کا تعلق ضلع کرم اور باجوڑ کے قبائلی اضلاع سے ہے۔
چیئرمین کمیٹی نے استفسار کیا جو کشتی حادثات رونما ہو رہے ہیں، دفتر خارجہ کیا تحقیقات کر رہا ہے؟،سیکرٹری خارجہ نے کہا بیرون ملک پاکستانیوں کی سمگلنگ کےلئے انٹر پول کےساتھ رابطے مضبوط کیے ہیں تاکہ گروپس کو پکڑا جا سکے، انسانی سمگلروں کےخلاف ملکی سطح پر وزارت داخلہ کو کردار ادا کرنا ہو گا، وزیراعظم نے اواقعات کو روکنے کےلئے ٹاسک فورس قائم کر دی ، میڈیا مہم بھی چلا رہے ہیں جو لوگوں میں آگاہی فراہم کرے گی تاکہ غیر قانونی طریقے سے یورپ میں داخل نہ ہوں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے لیبیا کشتی حادثے کی حکام سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا انسانی سمگلنگ جیسے مکروہ عمل میں ملوث افراد کےخلاف سخت کارروائی ہوگی، کسی بھی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائےگی، انسانی سمگلنگ کےخلاف بھرپور اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
لیبیاکشتی حادثے میں ڈوبنے والے 63پاکستانی نکلے ،بیشتر جاں بحق
















