کرم تنازعہ، فریقین ٹل پارا چنار روڈ کھولنے پر متفق، پٹرول، ڈیزل کا شدید بحران

پشاور (بیورو رپورٹ) کرم تنازع کے حل کےلئے فریقین گزشتہ 3 ماہ سے زائد عرصے سے بند ٹل پارا چنار روڈ کھولنے پر متفق ہو گئے،اپرکرم ذرائع کے مطابق گاوں میں کسی ایک جگہ فریقین کا اسلحہ رکھا جائے، اسلحہ گودام کی ایک چابی انتظامیہ اور دوسری چابی مشرکے پاس ہو، کسی فریق نے زبردستی اسلحہ استعمال کیا تو کمیٹی حکومت کا ساتھ دےگی،جرگہ ممبر ارشاد بنگش نے کہا فریقین نے اسلحہ جمع کرانے کا طریقہ کار جمع کرادیا ہے، امن معاہدے کی شقوں پر عملدرآمد کر رہے ہیں،ارشاد حسین بنگش نے کہا ٹل پارا چنار روڈ کھولا جائے اور حکومت اپنی رٹ قائم کرے، دونوں فریقین ٹل پارا چنار روڈ کھولنے پر متفق ہیں،دوسری جانب پاراچنار میں راستوں کی طویل بندش کے باعث پٹرول اور ڈیزل کی شدید قلت برقرار ہے، شہریوں کے مطابق اپر کرم کے مختلف مقامات پر پٹرول اور ڈیزل 1200 روپے میں لٹر فروخت ہو رہا ہے جبکہ ایندھن کی عدم دستیابی کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند ہو چکی ہے جس کے سبب لوگ ایک جگہ سے دوسری جگہ پیدل جانے پر مجبور ہیں،پٹرول پمپ ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ ایک ماہ سے پٹرول اور ڈیزل کے دو درجن سے زائد ٹینکرز ہنگو میں روکے گئے ہیں جس کی وجہ سے ایندھن کی فراہمی معطل ہو چکی ہے، ٹرانسپورٹ تنظیموں اور شہری عمائدین نے مطالبہ کیا ہے آئندہ قافلے میں پیٹرول اور ڈیزل کے ٹینکرز کو شامل کر کے بحران کا فوری حل نکالا جائے، تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کم ہو سکیں۔