صحت، تعلیم کے شعبوں میں عوام کو سہولیات دینا حکومتی ذمہ داری ہے ،گورنر پنجاب


لاہور: (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے صدر پیپلز ڈاکٹر فورم ڈاکٹر خیام حفیظ کی قیادت میں ملاقات کی ۔وفد میں صدر وائی ڈی اے پنجاب ڈاکٹر شعیب نیازی، ڈاکٹر حسیب تھند، وائی ڈی اے پی آئی سی کے صدر ڈاکٹر اعجاز کھرل ، ڈاکٹر عرفان اسلم، ینگ نرسز ایسوسی ایشن کی صدر عالیہ سمیت دیگر شامل تھے۔وفد نے گورنر پنجاب کو سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی کمی، ایم ڈی ایم ایس اور ڈپلومہ پروگرام اور یونیورسٹیز کے مسائل، پی آئی سی میں چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ کی مداخلت اور کرپشن سے متعلق آگاہ کیا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں عوام کو سہولیات دینا حکومت کی ذمہ داری ہے،دور دراز علاقوں میں صحت عامہ کے منصوبے شروع ہونے چاہئیں، پیپلز پارٹی برسر اقتدار آئی تو پورے صوبے میں یکساں ترقیاتی پروگرام شروع کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ طب مسیحائی کا شعبہ ہے،غریب اور مستحق مریضوں کا خاص خیال رکھیں۔ گورنر نے تمام معاملات خصوصاً یونیورسٹیز کے معاملات پر ایکشن لینے کا اعادہ کیا۔گورنر ہاﺅس میں ایک فوکل پرسن مقرر کیا جائیگا جو وائے ڈی اے اور گورنر پنجاب کے درمیان رابطے کوموثر بنائے گا۔ڈاکٹرز کے وفد نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کو کنونشن میں شرکت کی بھی دعوت دی ۔