26 ویں ترمیم پارلیمنٹ یا سپریم کورٹ ہی ختم کر سکتی ہے،جسٹس علی مظہر

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)جسٹس علی مظہر نے کہاہے26 ویں ترمیم آئین کا حصہ ،پارلیمنٹ یا سپریم کورٹ ہی ختم کر سکتی ہے، ریگولر بنچ آئین وقانون کے معاملات میں آرٹیکل 191-A کے تحت اپنے دائرہ اختیار میں رہیں۔

بنچز اختیارات کیس میں جسٹس علی مظہر نے آئینی بنچ کے فیصلے سے اتفاق کرتے ہوئے 20 صفحات پر مشتمل نوٹ جاری کرتے ہوئے کہاقوانین کے آئینی ہونے یا نہ ہونے کا جائزہ صرف آئینی بنچ لے سکتا ہے، کسی ریگولر بنچ کے پاس آئینی تشریح کا اختیار نہیں، آئینی بنچ نے درست طور پر 2 رکنی بنچ کے حکمنامے واپس لئے،26 ویں ترمیم آئین کا حصہ ، ترمیم میں سب کچھ کھلی کتاب کی طرح واضح ہے، آنکھیں ،کان بند نہیں کر سکتے، درست ہے ترمیم چیلنج اور فریقین کو نوٹس بھی جاری ہو چکے، کیس فل کورٹ میں بھیجنے کی درخواست کافیصلہ میرٹ پر ہوگا۔

جج سپریم کورٹ نے کہا26 ویں ترمیم کو پارلیمنٹ یا سپریم کورٹ کا فیصلہ ہی ختم کر سکتا ہے جب تک ایسا ہو نہیں جاتا معاملات ترمیم کے تحت ہی چلیں گے، آئینی تشریح کم از کم 5 رکنی آئینی بنچ ہی کر سکتا ہے کسی ریگولر بنچ کو اپنے اختیارات سے تجاوز نہیں کرنا چاہیے،2رکنی بنچ کے ٹیکس کیس میں بنیادی حکمنامے واپس ہو چکے، بنیادی حکمناموں کے بعد کی ساری کارروائی بے وقعت ہے، آئینی بنچ کے علاوہ کسی کی جانب سے دائرہ اختیار استعمال کرنا آئین و ضابطے کی خلاف ورزی ہوگی۔

جسٹس علی مظہر نے کہا میرے خیال میں اختلاف کی کوئی گنجائش نہیں اگر کوئی باقاعدہ بنچ، واضح و غیر مبہم آئینی دفعات کے باوجود حد سے زیادہ دائرہ اختیار استعمال کرتا ہے یا ٹیکس کے معاملے میں صرف جواب دہندہ کے وکیل کی دلیل کی بنیاد پر اپنی سمجھ کے بغیر مبینہ تنازع کا فیصلہ کرتا ہے تو 191-A کےخلاف اور قانونی چارہ جوئی کے مترادف ہوگا۔

سینئر جج نے لکھا دائرہ اختیار سے تجاوز یا کیس سماعت کیلئے مقرر کرنے کی بجائے معاملہ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے تحت قائم کمیٹی کو بھیجنا بہتر ہوگا،سینئر جج نے کہا ججز نے آئین و قانون کے تحفظ ، پاسداری کا حلف اٹھا رکھا ہے، میرا پختہ یقین ہے آئینی جج کا کردار بادشاہ سے مختلف ہے، بادشاہ اپنی مرضی کے مطابق احکامات جاری کرسکتا ہے جبکہ آئینی جج کو ہمیشہ خیال رکھنا چاہیے آئین کے تحت تشریح و نفاذ کا کام سونپا گیا اور وہ آئین و قانون پر عمل کے پابند ہیں، قانون کا اصول ہے اگر عدالت کا دائرہ اختیار نہیں تو دیا گیا فیصلہ کالعدم تصور ہوگا، حیران و سمجھنے سے قاصر ہوں کس طرح مدعا علیہ کے وکیل کے دلائل سے ریگولر بنچ کو معاونت ملی وہ آئین میں دیئے گئے واضح دائرہ اختیار سے فرار اختیار کرے۔

جسٹس علی مظہر نے تجویز دی مستقبل میں کسی بھی قسم کے تنازع سے بچنے کےلئے سپریم کورٹ کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کی مدد سے کیس مینجمنٹ سسٹم وضع کیا جائے،آئینی بنچ کی جانب سے متفقہ طور پر ریگولر بنچ کے احکامات کو کالعدم قراردینے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہیں، کوئی زمینی حقیقت سے انکار نہیں کرسکتا،اضافی نوٹ کو موجودہ تنازع کے تناظر میں ہی پڑھنا چاہئے۔