اسلام آباد،پشاور:(بیورورپورٹ)وزیردفاع خواجہ آصف کہاہے پی ٹی آئی گھٹیا مقاصد کےلئے لوگوں کو استعمال نہ کرے،عمران خان چاہتے ہیں دوبارہ وزیراعظم بنا دیا جائے اور وارداتیں شروع کردیں، 8 فروری ہر سال آتا ہے اس بار بھی آئے گا اور گزرجائے گا، جو بھی وہ کرنا چاہتے ہیں کریں ان کا حق ہے لیکن تشدد کی راہ نہ اپنائیں، توڑ پھوڑ نہ کریں ،ملک و قوم کو نقصان پہنچانے کی کوشش نہ کریں۔
وزیر دفاع نے کہا پی ٹی آئی سیاست کرے متشدد حربے نہ استعمال کرے، اداروں اور دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے بعد ملک دیوالیہ کرنے کی پوری کوشش کے بعد بھی اکاموڈیشن کی امید رکھنا احمقوں کی جنت میں رہنے جیسا ہے، موجودہ حالات میں لوگ بولتے ہیں تو کوشش کرتے ہیں اصل چہرہ نہ پہنچانا جائے
ادھر پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شوکت یوسفزئی نے خواجہ آصف کے بیان کو مایوس ذہنیت کی عکاسی قرار دےدیا۔
شوکت یوسفزئی نے وزیر دفاع کے بیانات پر رد عمل دیتے ہوئے کہا خواجہ آصف مایوس ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں، ماضی میں فوج کےخلاف بیانات دئیے، وزیر دفاع نہیں ہونا چاہیے،شوکت یوسفزئی نے صوابی میںتاریخ ساز جلسہ ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا علی امین گنڈا پور اور جنید اکبر خان کے درمیان کوئی اختلافات نہیں، حکومتی پروپیگنڈا فلاپ ہو رہا ہے۔
پی ٹی آئی گھٹیا مقاصد کےلئے لوگوں کو استعمال نہ کرے: خواجہ آصف
















