فلسطینیوں کی منتقلی کامنصوبہ مسترد،ٹرمپ کابیان ناانصافی پر مبنی ہے،پاکستان

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان نے فلسطینیوں کی غزہ سے منتقلی کامنصوبہ مسترد کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ کے بیان کو ناانصافی پر مبنی قراردےدیا۔

ہفتہ وار بریفنگ میںترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا فلسطینیوں کو سرزمین سے کہیں اور بھیجنا انتہائی تشویشناک ہے، امریکی صدر کااعلان تکلیف دہ اور عدم منصفانہ ہے، غزہ سے قیدیوں کی پاکستان منتقلی کیلئے ابھی تک کوئی درخواست یا تجویز موصول ہوئی نہ ہی کسی قسم کا رابطہ کیا گیا ، پاکستان کا موقف واضح ہے، فلسطین کےلئے1967 سے پہلے کی سرحدوں کےساتھ دوریاستی حل کے حامی ہیں،فلسطین فلسطینیوں کا ہے،سرزمین سے ہٹانے کی کوئی بھی تجویز انصاف کے منافی ہے، پاکستان مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے،غزہ میں امدادی سامان کی بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

شفقت علی خان نے کہاپاکستان اسرائیل کی جانب سے سیز فائر معاہدے پرخلاف ورزی کی مذمت کرتا ہے، امدادی کاموں کو روکنا معاہدے کی خلاف ورزی ہے ،عالمی برادری اسرائیلی مظالم پر خاموشی توڑے اور سیز فائز معاہدے پر عمل کرائے،صدر آصف زرداری نے دورہ چین میں پاکستان کی ون چائنہ پالیسی کا اعادہ کیا،دونوں ممالک نے دفاعی تعاون کا جائزہ لیا اور علاقائی توازن پر زور دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کی واپسی غیر قانونی نہیں ،افغانوں کی تیسرے ملک منتقلی کیلئے متعلقہ ممالک سے رابطے میں ہیں، افغان حکومت اپنی سرزمین پر موجود دہشتگرد گروہوں کےخلاف کارروائی کرے،ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان کے دورہ پاکستان کے معاملات ابتدائی مراحل میں ہیں، جلد ہی تفصیلی نقاب کشائی کریں گے، معتدل و پرامن شام اور بے یقینی و مسائل کے خاتمے کی حمایت کرتے ہیں۔

شفقت علی خان نے کہاماضی میں جرمنی میں سفارت خانے پر حملہ اور قومی پرچم کی بے حرمتی حساس معاملہ ہے، پاکستانیوں کے جذبات متاثر ہوئے ، جیسے کسی بھی سفارتی مشن کی سکیورٹی کی ذمہ داری لیتے ہیں، جرمنی میں سفارت خانے کا تحفظ جرمن وزارت خارجہ کی ذمہ داری تھی، حملے پر جرمن حکومت سے رابطہ میں ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکشمیر پر پاکستانی حکومت کا موقف کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق ہے، کشمیر بنے گا پاکستان،عافیہ صدیقی کی رحم اپیل کی درخواست امریکہ نے بند کردی ، مستقبل میں دوبارہ درخواست کرسکتی ہیں، امریکی حکومت نے نئے ایگزیکٹو حکم نامے کے تحت غیر قانونی تارکین وطن کی بے دخلی پر تیزی سے کام شروع کیا ، گوانتانا موبے کے دوبارہ کھلنے کا معاملہ امریکہ کےساتھ بات چیت کا حصہ نہیں۔