یوٹیلیٹی سٹورز کے بغیر رمضان پیکیج ،زرعی ٹیکس وقت کا تقاضا ہے،وزیراعظم

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف نے یوٹیلیٹی سٹورز کے بغیر رمضان پیکیج لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے زرعی ٹیکس وقت کا تقاضا ہے، چاروں صوبوں نے وفاق کےساتھ ملکر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے جمرود میں پولیو ٹیم پر حملے پر افسوس کا اظہار کیا اور شہید اہلکار کے ایصال ثواب کےلئے فاتحہ خوانی کرائی، شہباز شریف نے کہا جنوری 2024 میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 28.73 فیصد تھی، دسمبر 2024 میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 4.1 فیصد تک کم ہوئی، مہنگائی کی شرح کا بتدریج کم ہونا خوش آئندہ ہے، اب پوری کوشش ہے معاشی ترقی کی طرف بڑھیں، رمضان کی آمد آمد ہے، وزارت فوڈ سکیورٹی کو یوٹیلیٹی سٹورز کے بغیر رمضان پیکیج لانے کی ہدایت کردی تاکہ کرپشن اور خراب مال کی فروخت نہ ہو،میں نے کئی ماہ پہلے کہا تھا یوٹیلیٹی سٹورز کےساتھ اب معاملہ نہیں چل سکتا۔

شہباز شریف نے کہا ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو چکا ، ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں،سکیورٹی فورسز نے بہادری سے لڑتے ہوئے 23 خوارج کو جہنم واصل کیا، خوارج سے لڑتے ہوئے 18 جوان جام شہادت نوش کر گئے، بلوچستان میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے زخمی سکیورٹی اہلکاروں کی عیادت کی، جوانوں کے ملک کی خاطر قربانی کے جذبے اور غیر متزلزل عزم کی پوری قوم معترف ہے، ملک وقوم کیلئے قربانیاں دینے والے قوم کے ہیروز ہیں، افواج پاکستان اور عوام دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کیلئے شانہ بشانہ ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا یوم یکجہتی کشمیر قومی جذبے کےساتھ منایا جائے گا، پورا پاکستان مقبوضہ کشمیر کےساتھ اظہار یکجہتی کرے گا، آزادی کی تحریک میں کشمیری بھائیوں کےساتھ ہیں۔

مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے 72 دنوں کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیے گئے جناح سکوائر انڈر پاسز منصوبے کا افتتاح کر دیا ، منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا اسلام آباد کو خوبصورتی کے لحاظ سے پاکستان بھر کیلئے مثال بنایا جائے گا، اسلام آباد میں ٹریفک کے دباو کو کم کرنے کیلئے جناح سکوائر کا بہت بڑا منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچا ہے، منصوبے سے نہ صرف عوام کا وقت اور ایندھن بچے گا بلکہ ٹریفک جام کی وجہ سے جو ماحولیاتی آلودگی ہوتی تھی وہ بھی کم ہو گی۔

وزیراعظم نے برق رفتاری سے 72 دنوں کی ریکارڈ مدت میں منصوبہ مکمل کرنے پر وزیر داخلہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا انہوں نے پنجاب سپیڈ کو محسن سپیڈ میں بدل دیا، شہباز شریف نے وزیر داخلہ اور چیئرمین سی ڈی اے کو ہدایت کی باقی منصوبوں کو بھی اسی رفتار سے پایہ تکمیل کو پہنچائیں،وزیراعظم نے 60 کی دہائی میں تعمیر کی جانے والی سرکاری عمارات اور وزارتوں کے دفاتر کی تزئین و آرائش کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا اسلام آباد کو خوبصورتی کے لحاظ سے پاکستان بھر کیلئے مثال بنایا جائے تاکہ باہر سے آنے والے مہمان خوبصورتی سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکیں۔

شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیز گلوبل فاو¿نڈیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاتقریب کے تمام شرکا کا دل کی گہرائیوں سے شکرگزار ہوں، اوورسیز پاکستانیوں کا ملک میں خیرمقدم کرتے ہیں، اوورسیزپاکستان دیارغیر میں شبانہ روز محنت کرتے ہیں، اوورسیز پاکستانی اپنی محنت سے ملک کا نام روشن کررہے ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کے سفیر ہیں،میں اور میری حکومت، پاکستانی عوام آپ کی عظمت کو سلام کرتے ہیں، محنت کی بدولت ترسیلات بیرون ممالک سے سٹیٹ بینک کے ذریعے پاکستان آرہی ہیں جس میں 30 فیصد اضافہ ہوا

وزیراعظم نے کہا 2018 تک ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوگیا تھا لیکن پچھلی حکومت نے دہشت گردوں کو ملک میں آنے دیا، دہشت گردوں کو دوبارہ بسانے سے بڑی دشمنی نہیں ہوسکتی، افواج پاکستان اورعوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں، ملک سے ایک بار پھر دہشت گردی ختم ہوگی، دہشت گردی کے خاتمے میں ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہیں، ہمارےجوانوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی

دریں اثنا شہبازشریف نے گوادر پورٹ کو کمرشل بنیادوں پر آپریشنلائز کرنے کےلئے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گوادر پورٹ کی آپریشنلائزیشن کے حوالے سے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت کمیٹی تشکیل دی جائے، کمیٹی گوادر پورٹ کو جدید اور مکمل فعال بندرگاہ بنانے کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز کےساتھ ملکر کام کرےگی ، گودار پورٹ کے حوالے سے بہترین مارکیٹنگ اور آگاہی کی حکمت عملی بنانے کیساتھ سفارتی کوششیں تیز کی جائیں ، وزیر اعظم شہبازشریف نے گوادر پورٹ سے کی جانے والی درآمدات اور بر آمدات کی تفصیل بھی طلب کر لی۔