اسلام آباد :(بیورورپورٹ) اسلام آباد میں 3 صوبوں کی ہائیکورٹس سے ایک،ایک جج کو ٹرانسفر کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا ،نوٹیفکیشن جلد جاری ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں اعلیٰ سطح اجلاس میں اعلیٰ عدالتی شخصیات اور حکومت وزیر بھی شامل تھے ، اجلاس میں مجموعی طور پر تینوں ہائیکورٹس سے ایک،ایک جج کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں ٹرانسفر کرنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا۔
عدالتی ذرائع نے کہا چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے مشاورت کا عمل کرلیا گیا ہے جبکہ سندھ ہائیکورٹ اور بلوچستان ہائیکورٹ سے ایک، ایک جج کو ٹرانسفر کرنے کےلئے خط و کتابت بھی حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ، لاہور ہائیکورٹ سے جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائیکورٹ ٹرانسفر کیا جائے گا جو بطور سینئر جج اسلام آباد ہائیکورٹ میں فرائض سر انجام دیں گے اور پھر چیف جسٹس عامر فاروق کے سپریم کورٹ کا جج بننے کے بعد جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ مقرر کردیا جائے گا۔
سندھ ہائیکورٹ اور بلوچستان ہائیکورت سے بھی ایک، ایک جج کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں ٹرانسفر کیا جائے گا جس کے بعد اسلام آباد میں ججز کی تعداد10سے بڑھ کر 13ہوجائے گی،تینوں ہائیکورٹس سے 3ججز کو اسلام آباد ہائیکورٹ ٹرانسفر کرنے سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس میں مشاورت مکمل ہوچکی ہے، اس حوالے سے صدر پاکستان آئین کے آرٹیکل 200 کے تحت احکامات جاری کریں گے جس کا نوٹیفکیشن جلد جاری ہونے کا امکان ہے۔
اسلام آباد میں 3 صوبائی ہائیکورٹس سے ایک، ایک جج ٹرانسفر کرنے کا حتمی فیصلہ

















