پنجاب میں قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز3 فروری سے ہوگا:چیف سیکرٹری

لاہور: (ہیلتھ رپورٹر)پنجاب میں قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز 3 فروری سے ہوگا، لاہور، راولپنڈی،فیصل آباد میں مہم 9 فروری جبکہ دیگر اضلاع میں 7 فروری تک جاری رہے گی، مہم کے دوران صوبہ میں 2 کروڑ 33 لاکھ بچوں کو ویکسین کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کردیا گیا۔

انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت اجلاس سول سیکرٹریٹ میں ہوا جس میں متعلقہ محکموں کے حکام اور پولیو کے خاتمے کیلئے کام کرنے والے بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا سکولوں میں امتحانات کے پیش نظر انسداد پولیو مہم میںمحکمہ تعلیم سے کم سے کم عملہ کی خدمات لی جائیں گی، انسدادپولیو مہم کو موثر اور کامیاب بنا یا جائے،چیف سیکرٹری نے کہا ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی تک خطرہ برقرار ہے، ڈپٹی کمشنرز انسداد پولیو مہم کی خودنگرانی کریں، پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے، ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے مائیکرو پلانز کو بہتر بنایا جا سکتا ہے، زاہد اختر زمان نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ٹرانزٹ پوائنٹس پر ویکسین کے قطرے پلانے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں، سیکرٹری پرائمری ہیلتھ نادیہ ثاقب نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔