کرپشن و دیگر جرائم کو اسلامی تعلیمات سے جوڑنا سراسر غلط، قابل مذمت ہے: دینی مدارس

لاہور (اپنے نمائندے سے) لاہور کے دو بڑے دینی مدارس جامعہ اشرفیہ اور جامعہ نعیمیہ نے القادر ٹرسٹ کیس میں پی ٹی آئی کے کردار پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن اور دیگر جرائم کو اسلامی تعلیمات سے جوڑنے کا عمل سراسر غلط ہے،پی ٹی آئی کا اسلام کے نام پر کھیل کھیلنا اور کرپشن کی پردہ پوشی کیلئے اسلامی اقدار کا استعمال نہایت افسوسناک اور قابل مذمت عمل ہے۔جامعہ اشرفیہ کی جانب سے القادر ٹرسٹ کیس میں پی ٹی آئی کے کردار پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔جامعہ اشرفیہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ جہاں عوام کو اسلام کے نام پر دھوکہ دینے کی کوشش کی گئی۔ پی ٹی آئی کا اسلام کے نام پر کھیل کھیلنا اور کرپشن کی پردہ پوشی کیلئے اسلامی اقدار کا استعمال نہایت افسوسناک اور قابل مذمت عمل ہے۔دنیاوی مفادات کیلئے مذہب کو استعمال کرنا نہ صرف اسلامی تعلیمات کی صریحاً خلاف ورزی ہے بلکہ ایک سنگین گناہ بھی ہے۔ اسلامی تعلیمات کی یونیورسٹی کے نام پر عوام کو دھوکہ دینا اور دین کو مفادات کیلئے استعمال کرنا دھوکہ دہی اور گھناو¿نے عمل کے زمرے میں آتا ہے۔دھوکہ دہی اور فریب کا یہ عمل اسلامی اقدار اور اصولوں کی توہین ہے، جس کے لیے کوئی عذر قابل قبول نہیں ہو سکتا۔ قرآن میں بھی اللہ نے فرمایا ہے کہ جھوٹ اور دھوکہ دینے والے کبھی کامیاب نہیں ہوتے، القرآن (10:17)-القادر ٹرسٹ میں دین کے نام پر کی جانے والی سازش اور کرپشن کی پردہ پوشی کا عمل نہایت قابل مذمت اور ناقابل معافی گناہ ہے، جو عوام اور اسلامی اقدار کے ساتھ ایک سنگین دھوکہ ہے۔القادر ٹرسٹ کیس پر جامعہ نعیمیہ کی جانب سے بھی ردعمل سامنے آیا ہے۔جامعہ کے بیان کے مطابق دیکھا گیا ہے کہ عمران خان کے خلاف آنے والے عدالتی فیصلے کے بعد ایک سیاسی گروہ ان کی کرپشن اور دیگر ثابت شدہ جرائم کو اسلامی تعلیمات سے جوڑنے کی کوشش کر رہا ہے، یہ عمل سراسر غلط اور ناجائز ہے۔شرعی نقطہ نظر سے مالی بدعنوانی کی وجہ سے ملنے والی سزا کو اسلام سے جوڑنا سراسر غیر شرعی قدم ہے اور مذہب اس کی بالکل اجازت نہیں دیتا۔ یاد رہے کہ اسلامی تعلیمات کو سیاسی یا ذاتی مفادات کے لئے استعمال کرنا حرام ہے۔عدالتی فیصلوں اور سیاسی معاملات کو شریعت سے جوڑنے کی کوشش گناہ، فساد اور انتشار کا سبب ہے، شریعت کی غلط تشریح اور ذاتی خواہشات کے تحت اس کا استعمال سخت گناہ ہے۔عالم اسلام سے درخواست ہے کہ اسلامی اصولوں کا احترام کریں اور انہیں کسی ذاتی یا سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنے باز رہیں۔