کمزور یا غلط کیسز بنانے والے ایف بی آر افسروں کوسزا دی جائے گی،وزیراعظم

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے امن کے حصول کیلئے قطر، سعودی عرب، امریکہ، مصر و دیگر دوست ممالک کی انتھک کوششیں ناقابل فراموش، غزہ میں جنگ بندی خوش آئند ، امید ہے معاہدے کا مکمل طور پر احترام کیا جائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا میں اور پوری پاکستانی قوم فلسطین بالخصوص غزہ میں جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہیں، امن و امان کے قیام کیلئے غزہ و دیگر جنگ زدہ علاقوں میں انسانی امداد کی ترسیل انتہائی اہم ہے۔

شہباز شریف نے کہا پاکستانی عوام فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کےساتھ کھڑے ہیں اور گزشتہ کئی دہائیوں سے اسرائیلی جارحیت کےخلاف جدوجہد میں اپنی جان و مال کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے اپنے موقف کا اعادہ کرتا ہے، 1967 سے قبل کی حدود پر مبنی القدس شریف دارالحکومت کے طور پر آزاد فلسطین ہی اس مسئلے کا پائیدار حل ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے یوتھ پروگرام کے تحت قرض کی رقم کو 5 لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ کرنے کی ہدایت کر دی ،چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری امور پر جائزہ اجلاس میںوزیراعظم نے کہاچھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو دی جانے والی سہولیات کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کےلئے ترقی یافتہ ممالک کے ماڈلز کا اطلاق یقینی بنایا جائے ، چھوٹے پیمانے کے کاروبار میں خواتین انٹرپرینیورز کےلئے خصوصی پیکیج تشکیل دےکر جلد پیش کیا جائے۔

شہباز شریف نے کہا دنیا بھر میں ایس ایم ایز معیشت کی ترقی میں کلیدی اہمیت رکھتی ہیں، پاکستان کی افرادی قوت کو کاروبار کی ترغیب دینے کےلئے حکومت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو سہولت دینے کےلئے پرعزم ہے۔

دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت محصولات کے زیر التوا کیسز پر جائزہ اجلاس ہوا، شہباز شریف نے کہا محصولات کے تمام کیسز کو جلد سے جلد نمٹانے کیلئے اقدامات کئے جائیں،ایف بی آر کی جانب سے اچھی شہرت کے حامل وکلا کی خدمات لی جائیں، ایف بی آر کے نظام میں تیزی سے اصلاحات نافذ کر رہے ہیں، ایف بی آر میں اصلاحات کے مثبت نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

وزیراعظم نے کہامحصولات کیسز کا فرانزک آڈٹ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ایسے افسر جو کمزور یا غلط بنیادوں پر کیسز بنانے میں ملوث پائے گئے ان کو قرار واقعی سزا دی جائے گی،دیانتداری اور محنت سے میرٹ پر کیسز بنانے والو ںکو خصوصی انعام سے نوازا جائے۔