20 گاڑیوں پرمشتمل پہلا امدادی قافلہ فضائی نگرانی میں پارا چنار پہنچ گیا

پاراچنار: (مشرق نیوز) 20 گاڑیوں پرمشتمل پہلا امدادی قافلہ فضائی نگرانی میں پارا چنار پہنچ گیا،مرغی، انڈوں اور پاپڑ وغیرہ پر مشتمل 20 گاڑیاں پارا چنار پہنچیں، بگن متاثرین کیلئے لایا جانے والا امدادی سامان بھی لوئر کرم پہنچا دیا گیا،ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم اے کی جانب سے 17 گاڑیاں امدادی سامان متاثرین کو دیا جائیگا، گاڑیوں میں اشیائے خورونوش سمیت دیگرسامان شامل ہے۔

ڈپٹی کمشنر کرم اشفاق خان نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہاقافلے کا امن سے پارا چنار پہنچنا خوش آئند ہے، ڈپٹی کمشنرپر حملہ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائےگا، عوام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

دوسری جانب ضلع کرم کو دیگر اضلاع سے لنک کرنے والی واحد مین سڑک 94 ویں روز بھی ہر قسم آمد و رفت کیلئے بند رہی،راستوں کی بندش کے باعث پاراچنار شہر سمیت اپر کرم کے 100سے زائد دیہات علاقے میں محصور ہوکر رہ گئے۔