چلڈرن ہسپتال میں جدید ترین ”پیڈز برن سینٹر“ قائم کیا جائے گا: مریم اورنگزیب
لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کے جائزے کا سلسلہ جاری ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیرصدارت محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی 6 ماہ کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین پی اینڈ ڈی نبیل احمد اعوان، سیکرٹری آصف طفیل سمیت دیگر وزارتوں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں لاہور چلڈرن ہسپتال میں جل جانے والے بچوں کے علاج کیلئے جدید مرکز ”پیڈز برن سینٹر“قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی 69 اسکیموں میں سے 45 جاری جبکہ 15 نئی اسکیمیں شامل کی گئی ہیں۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے تمام سکیموں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اجلاس میں راولپنڈی میں برن یونٹ، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے ہیڈ آفس، پنجاب میں میڈیکل سٹیز کے قیام سمیت دیگر منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ ٹیچنگ ہسپتالوں کی ماسٹر پلاننگ، یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کے قیام اور دیگر پراجیکٹس پر بھی بریفنگ دی گئی۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے 31140 ملین روپے کے بجٹ میں سے 12770 ملین روپے منصوبوں پر خرچ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے سست روی کا شکار اسکیموں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو سہولت اور آسانی میسر ہو۔سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی، کینسر ہسپتال، کیتھ لیبارٹریز اور پیٹ اسکینز وزیراعلیٰ کے بڑے اقدامات ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف پنجاب میں میڈیکل سٹیز کے قیام کیلئے پرعزم ہیں۔انہوں نے ڈی جی خان اور مری میں 100 بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں کے قیام کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت بھی دی۔ اجلاس میں منصوبوں پر تاخیر کی وجوہات اور مشکلات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ سٹرٹیجک مینجمنٹ، اندرونی پالیسی اور مانیٹرنگ یونٹ بنانے پر غور کیا گیا۔مریم اورنگزیب نے شفافیت یقینی بنانے پر زور دیا اور صوبے میں علاج معالجے کے نظام کو جدید بنانے اور سابقہ ادوار کے تعطل کا شکار منصوبوں کو مکمل کرنے کی حکمت عملی پر عمل کی ہدایت کی۔
















