تاریخ ساز پلان اڑان پاکستان کا افتتاح ،اہم اہداف مقرر،اشرافیہ کو قربانی دینا ہوگی،وزیراعظم

اسلام آباد :(بیورورپورٹ)ملکی معیشت کی تعمیر و ترقی کے تاریخ ساز منصوبے قومی اقتصادی پلان 29۔2024اڑان پاکستان کا افتتاح ،اہم اہداف مقرر کردیئے گئے۔

افتتاحی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزرا،اراکین پارلیمنٹ ،اعلیٰ حکام ،وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر انوارالحق، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، گورنر خیبرپختونخوا اور بلوچستان نے بھی شرکت کی،5سالہ اڑان پاکستان پروگرام پائیدار ترقی کا جامع روڈ میپ ہے، ڈیجیٹل معیشت، توانائی، انفراسٹرکچر، ماحولیات اور روزگار کے مواقع اہم پہلو ہیں، پروگرام کا مقصد معیشت کو مضبوط اقتصادی پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔

خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہابھارت کو ترقی دینے کےلئے سابق بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ نے نوازشریف کاماڈل اپنایا،اشرافیہ کو قربانی دینا ہوگی اگر میثاق معیشت پر اتفاق کرلیں تو آدھے مسائل حل ہوجائیں،عظیم دن ہے، بے پناہ چیلنجز کے باوجود معاشی استحکام حاصل کرنے میں کامیاب رہے، پیچھے رہ جانے پر رونے کا فائدہ نہیں، ایماندارانہ تجزیہ قوموں کی زندگی کو بدل دیتا ہے،کوئی سیاسی گفتگو نہیں کروں گا،آئی ایم ایف پروگرام کےلئے سر توڑ کوشش کر رہے تھے، پاکستان دیوالیہ ہونے کے دہانے پر تھا، بچنے کےلئے قیادت و اتحادیوں نے فیصلہ کیا سیاست نہیں ریاست کو بچانے کےلئے کسی بھی حد تک جائیں گے اورنتائج میں پیدا حالات کا سامنا کریں گے۔

شہبازشریف نے کہاآئی ایم ایف پروگرام روکنے کےلئے خطوط لکھے گئے اوربڑی عوام کےساتھ زیادتی کیا ہوسکتی ہے،عوام نے 38 فیصد مہنگائی کا بوجھ برداشت کیا، کاروباری حضرات 22 فیصد شرح سود دیکھ کر خوفزدہ ، زر مبادلہ ذخائر محدود تھے، مجبوری میں ایک اور آئی ایم ایف پروگرام لینا پڑا، وفاقی حکومت کےساتھ صوبائی حکومتوں نے بھرپور تعاون کیا،دعا ہے تاریخ کا آخری پروگرام ہوگا، مثالیں موجود ہیں، پڑوسی ملک نے 90 کی دہائی کے بعد دوبارہ آئی ایم ایف کی طرف مڑ کر نہیں دیکھا۔

وزیراعظم نے کہاقدرت نے ملک کو وسائل دئیے لیکن سوچنے کی بات ہے ایک بار پھر آئی ایم ایف پروگرام کیوں لینا پڑا،ایک دہائی میں ریاستی ملکیتی اداروں نے 6 کھرب کا نقصان کیا، آئی ایم ایف پروگرام میں 7 ارب ڈالرز قرض میں مل رہے ہیں تاکہ استحکام آئے اور پاکستان شرح نمو کی طرف جائے،بات ذہن میں رہنی چاہیے اگر 6 کھرب کے نقصانات غریب قوم نے برداشت کیے جو دریا برد ہوگئے، 4 کھرب میں بننے والی بجلی 2 کھرب میں بکے تو 2 ارب کا خسارہ کس کے کھاتے میں ڈالیں، 70 سال میں کھربوں روپے کی کرپشن ہوئی ،قرضے نہیں لیں گے تو کیا کریں گے۔

شہبازشریف نے کہاقائد اعظم کے فرمودات کے تحت چلتے تو پاکستان قرضوں کے بوجھ تلے دبا نہ ہوتا ،ترقی کےلئے درکار وسائل موجود ہوتے،کتنا پیچھے چلے گئے ،کوئی شمار نہیں، رونے دھونے کا کوئی فائدہ نہیں،گریبان میں جھانک کر ایماندارانہ تجزیہ قوموں کی زندگی کو بدل دیتا ہے،پوری قوم کام،کام اور کام، محنت، محنت اور محنت کا سفر اختیار کرے تو بلا خوف تردید میں کہہ سکتا ہوں وہ دن دور نہیں جب پاکستان اقوام عالم میں اپنا کھویا مقام حاصل کرلے گا، راستہ بدلنا ہوگا۔

وزیراعظم نے کہاماضی قریب میں متکبرانہ اور نا پسندیدہ رویوں کی وجہ سے دنیا میں تنہا ہوگئے، ایک دوست ملک سے ایک ارب ڈالر کا قرضہ مانگا وہاں کے اکابرین نے بتایا فیصلہ کیا آدھا ارب ڈالر پاکستان کو دے دیتے ہیں، شہباز شریف صاحب آپ کے ملک سے جواب آیا واپس رکھونہیں چاہیے،بتائیے ایک تو آپ مانگ رہے ہیں اور اوپر سے اکڑ رہے ہیں ،کتنا بڑا تضاد ہے، ایک اور دوست کےخلاف جو باتیں کی گئیں وہ میں اپنی زبان پر بھی نہیں لا سکتا، منموہن سنگھ نے نواز شریف کے ماڈل کو اختیار کیا، ماضی میں جائے بغیر آگے بڑھنا ہے۔

شہبازشریف نے کہا حکومتیں ، ادارے ملکر کام کر رہے ہیں، ماضی میں ایسی شراکت نہیں دیکھی،بڑے وسوسے ہیں لیکن دعا کرتا ہوں پارٹنر شپ قیامت تک چلتی رہے،معاشی استحکام آگیا اپنی اننگز کھیل کر گھر چلے جائیں گے لیکن ملک قیامت تک چلے گا،بجلی خطے میں سب سے مہنگی ہے تو پھر پائیدار ترقی کا سوال پیدا نہیں ہوتا، شعبے میں گردشی قرض 250ارب کا ہے، گیس کے شعبے میں 3 کھرب کا گردشی قرض ہے،کئی عوامل ہیں، جب آپ بجلی چوروں کو پکڑتے ہیں تو احتجاج کرتے ہیں، جب تک بجلی سستی نہیں کریں گے،صنعت و حرفت کا پہیہ نہیں چلے گا۔

وزیراعظم نے کہا اب شرح سود کم ہوگئی ،لوگ بینک سے پیسے نکالیں گے، روزگار کے مواقع و برآمدات میں اضافہ ہوگا،معیشت درآمدات پر مبنی ہے اگر درآمدات بند ہوجائیں تو پوری صنعت بند ہوجائے، میں کسی کو دوش نہیں دے رہا، مجموعی ناکامی ہے اب برآمدات پر مبنی شرح نمو کی ضرورت ہے، ہوا میں نہیں آئےگی، ماحول بنانا ہوگا، اڑان پاکستان کا محور برآمدات پر مبنی شرح نمو ہے۔

شہبازشریف نے کاپاکستان کو آگے لے کر جانا ہے تو ٹیکس کم کرنا ہوں گے، میرا بس چلے تو ٹیکس 10،15 فیصد کم کردوں تاکہ چوری کم ہو اور صلاحیت میں بھی بہتری آئے، معاشی ترقی کےلئے سیاسی استحکام چاہیے اگر ترقی کرنی ہے تو نقصان کا باعث بننے والے اداروں کی نجکاری کرنا ہوگی، ایئرپورٹس کی آو¿ٹ سورسنگ ، پی آئی اے میں دھچکا لگا ،دوبارہ کوشش کریں گے، حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں ،نجی شعبے میں فروغ دینے کےلئے سہولیات دینا ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ”اڑان پاکستان“کو قومی ترقی کا جامع و متوازن پروگرام قرار دیتے ہوئے کہا وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مقرر کردہ اہداف پورے ہوں گے، پاکستان بے پناہ وسائل سے مالا مال، باصلاحیت ملک ہے ، یکسو و متحد ہو کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ، وہ دن دور نہیں جب پاکستان عالمی معیشتوں کی صف میں کھڑا ہو گا۔

اسحاق ڈار نے کہا شہباز شریف کی قیادت میں پی ڈی ایم حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اب قومی اقتصادی پلان ”اڑان پاکستان“پر بھی وزیراعظم کی قیادت میں کامیابیاں ملیں گی ، ملک عالمی معیشتوں کی صف میں کھڑا ہو گا۔

وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹراورنگزیب نے کہا ”اڑان پاکستان“پروگرام کے تحت2028تک جی ڈی پی شرح 6 فیصد ،سالانہ 10لاکھ اضافی ملازمتیں اور 60 ارب ڈالرکی برآمدات مطمع نظرہے، برآمدات پرمبنی نمو ونجی شعبے کی قیادت میں پائیدار نمو ”اڑان پاکستان“پروگرام کے اہم ترین نکات ہیں، ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے عمل کومکمل کرکے آگے بڑھیں گے۔

اورنگزیب نے کہا14ماہ میں دہرے خساروں پرقابوپایاگیا،زرمبادلہ ذخائربڑھے، مقامی وبین الاقوامی سرمایہ کاروں کااعتماد بحال ہوا،ایکویٹی مارکیٹ بہترین ہے، پاکستان کی سٹاک مارکیٹ دنیا کی دوسری بڑی بہترین کارکردگی والی مارکیٹ بن گئی،براہ راست سرمایہ کاری میں ایس آئی ایف سی کی زیرقیادت 31فیصدکی نموریکارڈکی گئی ،مقامی سرمایہ کاربھی آگے آرہے ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہاپلان کے تحت نجی سرمایہ کاری میں اضافہ کیاجائیگا، اقتصادی اصلاحات کے عمل کومکمل کرینگے،کاروباری لاگت میں کمی ، مارکیٹ کی بنیادپربراہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ کیاجائیگا، ایف بی آر میں تبدیلیاں کی جائیگی، توانائی شعبے کومعقول بنایا جائیگا،سارے اہداف حاصل کرنے کیلئے مضبوط بنیادیں اورمنصوبے موجودہیں، اقدامات کی نگرانی کیلئے موثرنظام وضع کرلیا۔

وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا اڑان پاکستان سے ملک میں معاشی ترقی کے حصول میں مدد ملے گی، پاکستان کو مستقل بنیادوں پرترقی دینے کےلئے دن رات کوشاں ہیں، سیاسی انتشار، لانگ مارچ نہیں معیشت مارچ کی ضرورت ہے، وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا اڑان پاکستان، میڈ ان پاکستان معاشی اصلاحات کا ایجنڈا ہے، ملک ڈیفالٹ سے استحکام کی طرف آیا اب استحکام سے ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔

سینیٹر طلال چودھری نے کہا پائیدار ترقی کےلئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے، مضبوط معیشت ہی مضبوط پاکستان بنا سکتی ہے ،سب کو ملکر کام کرنا ہوگا،مضبوط معیشت عوام کے گھروں کی خوشحالی سے جڑی ہے، جب ہر ایک کا چولہا جلے گا اور ہر گھر میں خوشحالی ہو گی تو معیشت مضبوط ہو گی،وزیرمملکت خزانہ علی پرویز ملک، ن لیگ کے چیف وہپ طارق فضل چودھری نے کہا2025 میں پاکستان ٹیک آف کر جائےگا، 5 سالہ منصوبے میں شاندار مستقبل پوشیدہ ہے۔