جس کو مذاکرات کرنے ہیں کریں، ہم کسی کے پاس نہیں جائیں گے:عمر ایوب

اسلام آباد (مشرق نیوز) اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت کو مذکرات میں کوئی دلچسپی نہیں، عمران خان نے مذکراتی کمیٹی تشکیل دی ہے اور ہمیں مذاکرات کیلئے کسی کے پاس نہیں جانا، اگر کسی کو مذکرات کرنے ہیں تو کریں، ورنہ نہ کریں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف رہنما عمر ایوب نے پشاور ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے القادر ٹرسٹ کیس میں کل دیر تک عدالت میں سماعت جاری رہی۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کا وقت 3 یا 4 بجے تک ہے، سوال یہ ہے اتنی دیر تک سماعت کیوں جاری رہی جبکہ پی ٹی آئی کے کارکنان کو گنجائش سے زیادہ جیلوں میں رکھا ہوا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں ہے، مذکراتی کمیٹی بانی پی ٹی آئی نے تشکیل دی ہوئی ہے لیکن لگتا ہے حکومت کو مذاکرات میں کوئی دلچسپی نہیں جب کہ ہمیں کسی کے پاس نہیں جانا، کسی کو مذکرات کرنے ہیں تو کریں نہیں تو نہ کریں۔