عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی: جیل اصلاحاتی کمیٹی کا چیف جسٹس کو خط

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپریم کورٹ کی جانب سے جیل میں اصلاحات کےلئے تشکیل دی گئی ذیلی کمیٹی کو عمران خان تک رسائی نہ مل سکی، کمیٹی کی اہم رکن خدیجہ شاہ نے چیف جسٹس کو خط ارسال کردیا،خدیجہ شاہ کی جانب سے چیف جسٹس کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے جیل اصلاحاتی کی ذیلی کمیٹی نے گزشتہ روز اڈیالہ جیل راولپنڈی کے دورہ کیا، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور عملہ دورے کے دوران ہمارے ساتھ موجود رہے، دورے کے دوران ہمارے مشاہدہ میں آیا کہ ہماری آمد کے پیش نظر جیل میں صفائی کا خاص خیال رکھا گیا، ہم نے جیل کے ہسپتال، خواتین کی بیرک، دماغی صحت کے مسائل اور منشیات کے استعمال کے قیدیوں کی بیرکس کا بھی دورہ کیا،متن میں درج ہے اس کے علاوہ ہم نے سزائے موت کے قیدیوں سے بھی ملاقات کی، جیل اصلاحات کی ذیلی کمیٹی کا مقصد قیدیوں کےساتھ روا رکھے جانے والے سلوک اور قیدیوں کے حقوق کےلئے عالمی سطح پر تسلیم شدہ معیار کی جانچ پرکھ کرنا ہے جو کہ قیدیوں کےلئے بین الاقوامی معیار منڈیلا رولز اور بنکاک رپورٹ میں طے کر دیے گئے ہیں،خط میں لکھا گیا اڈیالہ ان جیلوں میں سے ایک ہے جس میں گزشتہ 2 سالوں میں بہت سے سیاسی قیدی رکھے گئے ہیں، ان میں پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان بھی شامل ہیں،متن میں کہا گیا عمران خان سیاسی قیدی ہیں ان کی رائے حاصل کرنا ضروری تھا، جیل اصلاحاتی میٹنگز میں جیل انتظامیہ اور سرکاری افسران کو واضح طور پر ہدایت کی تھی کہ ذیلی کمیٹی کو جیل کے تمام حصوں اور تمام قیدیوں تک مکمل رسائی دی جائے گی،خط میں لکھا گیا ہے سپریم کورٹ کی ہدایت تھی ہمیں جیل کے عملے کی نگرانی اور نگرانی کے بغیر آزادانہ گھومنے کی اجازت تھی، جیل انتظامیہ سے ہم نے سابق وزیراعظم عمران خان کی بیرکس میں جانے کی درخواست کی تو ہمیں رسائی دینے سے انکار کردیا گیا، ڈی آئی جی جیل خانہ جات سے درخواست کے باوجود عمران خان سے ملاقات کی رسائی تک نہیں دی گئی، اس لیے درخواست ہے جیل اصلاحات کےلئے قائم ذیلی کمیٹی کےلئے ایک بار پھر اڈیالہ جیل کے دورے کے احکامات دئیے جائیں،خط میں خدیجہ شاہ نے مزید کہا جیل اصلاتی کمیٹی کو سابق وزیراعظم عمران خان تک رسائی دیے جانے کے احکامات جاری کیے جائیں، سابق وزیراعظم کی رائے جانے بغیر جیل اصلاتی کمیٹی سپریم کورٹ کو اپنی رائے نہیں دے سکتی۔