اسلام آباد، لاہور (خبرنگار) ملک کے بیشتر شہروں میں دھند کا راج، حد نگاہ صفر، موٹر ویز مختلف مقامات سے بند تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشتر شہروں میں دھند کے باعث موٹر ویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا ہے،ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم ون پشاور سے رشکئی جبکہ موٹر وے ایم 2 کو لاہور سے ہرن مینار تک دھند کی وجہ سے بند کیا گیا ہے،موٹر وے ایم 3 لاہور سے جڑانوالہ تک بند ہے، قومی شاہراہوں پر بھی حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے ڈرائیورز کو مشکلات کا سامنا ہے،ترجمان موٹر وے پولیس نے شہریوں کو ہدایت دی ہے وہ زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات میں سفر کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے بچا جا سکے، شہری معلومات اور مدد کےلئے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر سکتے ہیں،دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں سموگ کا سلسلہ بھی برقرار ہے، فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا بھر میں پاکستان کا تیسرا نمبر ہے، مجموعی طور پر ایئر کوالٹی انڈیکس 359 ریکارڈ کیا گیا ہے، ادھرمحکمہ موسمیات نے ملک کے کچھ مقامات پر بارش اور برفباری کی پیشگوئی کردی،محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدیدسرد اور مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے تاہم بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور ہلکی برفباری ہونے کا امکان ہے،اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہے گا تاہم قلعہ عبداللہ، پشین، زیارت، کوئٹہ، قلعہ سیف اللہ اور گرد و نواح میں مطلع جزوی آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے،پنجاب کے بیشتر بالائی اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے۔
ملک کے بیشتر شہروں میں دھند کا راج، حد نگاہ صفر، موٹر ویز مختلف مقامات سے بند
















