چیف جسٹس ہائیکورٹ کی تقرری کیلئے نامزدگی 3 سینئر ترین ججوں میں سے ہوگی، سپریم کورٹ کے تقرری رولز جاری
اسلام آباد (بیورو رپورٹ)سپریم کورٹ نے جسٹس جمال خان مندوخیل کمیٹی کے مجوزہ رولز سپریم کورٹ ویب سائٹ پر جاری کر دئیے،ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق ججز کی مجوزہ تقرریوں کے رولز کو عوامی تبصروں اور آرا کےلئے جاری کیا گیا اور مجوزہ رولز پر تمام تبصرے و تاثرات 20 دسمبر تک جمع کرائے جا سکتے ہیں،ترجمان کے مطابق مجوزہ رولز کو 21 دسمبر کو منظوری کےلئے جوڈیشل کمیشن غور کرے گا،ہائی کورٹس اور وفاقی شرعی عدالت میں ججوں کی تقرری کے مجوزہ قواعد کی تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں،مجوزہ قواعد کے مطابق بطور جج تقرری کے لیے میرٹ کا تعین آئین کے تحت جج کے حلف میں درج معیار کے مطابق کیا جائے گا، بلا خوف و رعایت، محبت یا بغض کے تمام طبقات کےساتھ انصاف کرنے کی صلاحیت ضروری ہے،مجوزہ قواعد میں کہا گیا ہے کسی نامزد شخص کے میرٹ کا جائزہ لیتے وقت پیشہ ورانہ قابلیت اور تجربہ مدنظر رکھا جائے گا، قانونی صلاحیت،کارکردگی، ابلاغ کی صلاحیت، دیانتداری اور خودمختاری کو مدنظر رکھا جائے گا،اپنی نامزدگی پر اثر انداز ہونے کےلئے رابطہ کرنے والا بطور جج تقرری کےلئے نااہل قرار دیا جائے گا،مجوزہ قواعد میں کہا گیا ہے کسی متوقع یا موجودہ خالی آسامی کےلئے جوڈیشل کمیشن کا کوئی بھی رکن نامزدگیاں پیش کر سکتا ہے، سپریم کورٹ میں جج تقرری کےلئے نامزدگی متعلقہ ہائی کورٹ کے 5سینئر ترین ججوں میں سے کی جائے گی اور چیف جسٹس ہائی کورٹ کی تقرری کےلئے نامزدگی متعلقہ ہائی کورٹ کے 3 سینئر ترین ججز میں سے ہوگی،جوڈیشل کمیشن میں تمام ناموں پر غور کرنے کے بعد ووٹنگ کا عمل شروع ہوگا،جوڈیشل کمیشن کے 2010 کے رولز ختم کر دئیے گئے۔
















