اسلام آباد (بیورو رپورٹ) ملک بھر میں بجلی بلز کی مد میں بقایاجات کی ادائیگی بروقت نہ ہونے کے معاملے پر پاور ڈویژن نے صوبائی وزرائے اعلیٰ کو خطوط لکھ دئیے،چاروں صوبائی حکومتیں 146 ارب کی نادہندہ نکلیں ،دستاویز کے مطابق کے پی کے حکومت کے ذمے 8 ارب 88 کروڑ کے واجبات ہیں جبکہ پنجاب حکومت کے ذمہ 38 ارب سے زائد کے واجبات ہیں،پنجاب حکومت کے ادارے لیسکو کے 17 ارب سے زائد کے نادہندہ ہیں، میپکو کے ذمہ 9 ارب 90 کروڑ کے واجبات ہیں،بلوچستان حکومت نے 39 ارب 60 کروڑ ادا کرنے ہیں اور سندھ حکومت کے ذمہ 59 ارب 68 کروڑکے بقایا جات ہیں،وفاقی وزیر اویس لغاری کی طرف سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے وزارت توانائی نے صارفین کےلئے سستی بجلی کےلئے اصلاحات کا آغاز کیا ہے جس کے تحت مالی وسائل میں اضافہ، بجلی چوری کے خاتمے اور صارفین کے واجب الادا بلز کی وصولی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے،پاور ڈویژن نے خط میں لکھا ہے وزرائے اعلیٰ سے فوری طور پر بجلی کے بقایاجات کی ادائیگی یقینی بنانے کی درخواست ہے کیونکہ واجب الادا بجلی بلز کی وجہ سے توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات متاثر ہو رہے ہیں،صوبوں کے مختلف محکمے بجلی کے بلز کی ادائیگی میں غفلت برت رہے ہیں اور بجلی بلوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے پاور کمپنیوں پر مالی بوجھ بڑھ رہا ہے لہٰذا واجب الادا بلز کی وجہ سے بجلی کی بلا تعطل سپلائی میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے،پاور ڈویژن کے خط میں وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا ہے وزرائے اعلیٰ معاملے میں فوری مداخلت کی اپیل کرتا ہوں کیونکہ بقایاجات کی عدم ادائیگی سے گردشی قرض کا بحران سنگین ہو رہا ہے، توانائی کے شعبے میں استحکام کےلئے وفاقی حکومت صوبائی حکومت سے تعاون کی امید ہے۔
بجلی بلوں کی مد میں بقایاجات کی عدم ادائیگی پر پاور ڈویژن کے صوبائی وزرائے اعلیٰ کو خطوط

















