وزیراعلیٰ کی زیرقیادت عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں: سلمان رفیق

لاہور (ہیلتھ رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ثریا عظیم ٹیچنگ ہسپتال چوبرجی میں 2 روزہ مفت میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ایم ایس، فیاض احمد فیضی، طبی عملہ و فیکلٹی ممبران موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر میڈیکل کیمپ پر تعینات طبی عملہ سے بھی گفتگو کی۔ایم ایس ثریا عظیم ٹیچنگ ہسپتال چوبرجی نے آنے والے مریضوں کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی بارے تفصیلات سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ثریا عظیم ٹیچنگ ہسپتال کے اس کار خیر میں ہم ساتھ ہیں،اس اقدام پر جماعت اسلامی کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پاکستان میں مخیر حضرات دکھی انسانیت کیلئے بے پناہ خدمات پیش کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔وزیرصحت پنجاب نے کہاکہ لاہور میں 900 سے زائد بستروں پر مشتمل ایشیاءکا سب سے جدید نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ بنایا جا رہا ہے۔ لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنایا جا رہا ہے۔ سرگودھا میں بھی نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنایا جا رہا ہے۔ حکومت پنجاب عوام کے مفاد میں تعمیری اقدامات اٹھا رہی ہے۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے ثریا عظیم ٹیچنگ ہسپتال چوبرجی کی انتظامیہ کو مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنے پر مبارکباد دی۔