بنوں،راولپنڈی،اسلام آباد: (بیورورپورٹ)بنوں میں چیک پوسٹ پر حملہ پسپا،12جوان وطن پر قربان،6خوراج کو جہنم واصل کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 19 نومبر کو خوارج نے بنوں کے علاقے ملی خیل میں مشترکہ چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی، فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج جہنم واصل ہوگئے،سکیورٹی فورسز کی مو¿ثر مزاحمت کے باعث خوارج چیک پوسٹ میں داخل نہیں ہوسکے، بارود سے بھری گاڑی کو چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دیا، خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار کا ایک حصہ منہدم اور ارد گرد کا انفرا سٹرکچر متاثر ہوگیا۔
خودکش دھماکے میں 12 بہادر سپوت شہید ہوگئے،شہدا میں گوجرانوالہ کے 44 سالہ صوبیدار عمران احمد فاروقی، سرگودھا کے 29 سالہ حوالدار جاوید اقبال شامل ہیں،34 سالہ نائیک طہماس احمد کا تعلق ایبٹ آباد، 39 سالہ نائیک باسط فرید کا تعلق ہری پور ، 33 سالہ سپاہی صفدر علی کا تعلق ضلع بارکھان ،32 سالہ سپاہی اسد بشیر کا تعلق ضلع کوہلو ،38 سالہ سپاہی اعجاز کا تعلق ڈی جی خان ،23 سالہ سپاہی عاطف خان کا تعلق میانوالی ، 30 سالہ سپاہی امان کا تعلق ضلع کرک ،22 سالہ سپاہی شاہ زمان کا تعلق لوئر دیر،22 سالہ سپاہی حسیب اور 33 سالہ عثمان شہید کا تعلق ضلع کرک سے ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہاگھناونے عمل کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، سکیورٹی فورسز و قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے خاتمے کےلئے پرعزم ہیں،بہادر جوانوں کی قربانیاں عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
بعدازاں شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ بنوں گیریژن میں ادا کر دی گئی،نماز جنازہ میں کمانڈر پشاور کور سمیت اعلیٰ عسکری حکام، سول انتظامیہ اور فوجی جوانوں نے شرکت کی۔
دریں اثنا صدر،وزیراعظم ودیگر سیاسی رہنماﺅں نے دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا،صدر آصف زرداری نے کہاپوری قوم مادر وطن کی سلامتی کےلئے جامِ شہادت نوش کرنے والوں کو سلام پیش کرتی ہے،دہشتگردی کی لعنت کا مکمل خاتمہ کرکے رہیں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا قوم کے بیٹوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے،فتنہ الخوارج کو بہت سخت قیمت ادا کرنا پڑے گی، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی ودیگر سیاسی رہنماﺅں نے کہابہادر سپوتوں نے جانوں کی قربانی دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا،امن کی خاطر جانیں نچھاور کرنےوالے پاک فوج کے جوان قوم کے ہیرو ہیں،بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیاں تاقیامت یاد رکھی جائیں گی، قوم شہدا کی ہمیشہ مقروض رہے گی، دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پاکستان کی بے مثال قربانیوں کی کوئی نظیر نہیں ملتی، شہدا کے خاندانوں کےساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ نبھائیں گے۔
بنوں میں چیک پوسٹ پر حملہ پسپا،12جوان وطن پر قربان،6خوارج جہنم واصل
















