لاہور مسلم میڈیکل مشن کی 15 ویں قومی میڈیکل کانفرنس، پینے کا صاف پانی اور فضا عوام کا بنیادی حق ہے: مقررین

لاہور (اپنے رپورٹر سے) لاہور مسلم میڈیکل مشن کے زیراہتمام 15 ویں سالانہ قومی میڈیکل کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ پینے کا صاف پانی اور سانس لینے کیلئے صاف فضا عوام کا بنیادی حق ہے جسے فراہم کرنے میں تمام حکومتیں ناکام رہی ہیں، سموگ سے جانی اور مالی دونوں نقصان ہو رہے ہیں، سموگ سے نمٹنے کیلئے مستقل پالیسی اور اس پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار سابق صوبائی وزیر صحت پروفیسر جاوید اکرم، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر محمود ایاز، صدر مسلم میڈیکل مشن ڈاکٹر ظفر اقبال چوہدری، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ناصر ہمدانی، ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی، پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے رہنما ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، تابش قیوم ودیگر نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں مسلم میڈیکل مشن کے زیراہتمام منعقدہ 15 ویں سالانہ قومی میڈیکل کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا موضوع ”میڈیکل شعبے کا مستقبل، چیلنجز، مواقع اور اسلامی تعلیمات“تھا، کانفرنس میں ملک بھر سے میڈیکل کے طلباءاور ڈاکٹرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی، کانفرنس میں سموگ اور صحت عامہ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر جاوید اکرم،ڈاکٹر ناصر ہمدانی کا کہنا تھا کہ سموگ ایک ڈیزاسٹر ہے، جو بچوں اور حاملہ خواتین کو بہت زیاد متاثر کرتی ہے، سموگ کیلئے سالہا سال کیلئے پالیسی بنانے کی ضرورت ہے، اس ڈیزاسٹر سے نمٹنے کیلئے گاڑیوں اینٹوں کی بھٹیوں کو بند کرنا پڑے گا، انہوں نے مزید کہا کہ سموگ سے نمٹنے کیلئے مستقل پالیسی اور اس پر عملدرآمد کرنا ہوگا، پالیسی بنا کر مکمل طور پر عملدرآمد کیا جائے تو چار سالوں میں اس ڈیزاسٹر سے نجات مل سکتی ہے،سموگ سے جانی اور مالی دونوں نقصان ہو رہا ہے، ہمیں ایسے اقدامات کرنے پڑیں گے جس سے لوگ ناراض بھی ہوں گے مگر سموگ کی وجہ بننے والی وجوہات کو ختم کرنا بہت ضروری ہے۔ ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا تھا کہ میڈیکل کا شعبہ خدمت خلق کا کام ہے، اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے جس نے ایک انسان کی جان بچائی گویا اس نے پوری انسانیت کو بچایا، ہماری کوشش دولت کمانے کی نہیں ہونی چاہئے،میڈیکل کا شعبہ خدمت انسانی کا بہت بڑا شعبہ ہے، سیکرٹری اطلاعات پاکستان مرکزی مسلم لیگ تابش قیوم کا کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے بھرپور آگاہی مہم چلائیگی اور اس قومی چیلنج کیلئے عوام کو متحرک کریگی، 77 سال سے ہم صاف پانی فراہم کرنے سے قاصر تھے اب سانس لینا بھی ممکن نہیں رہا، یہ ہماری اجتماعی ناکامی ہے، نومبر 2025 نومبر کیلئے آل پارٹیز کانفرنس بلا کر آج سے کوششیں شروع کرنا ہونگی۔