اسلام آباد:(بیورورپورٹ)اسلام آباد میں غیر قانونی اجتماع کی اجازت نہیں دینگے، ہائیکورٹ نے حکم نامہ جاری کردیا۔
پی ٹی آئی کا احتجاج رکوانے کی درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے وزیر داخلہ سیکرٹری داخلہ ،پولیس کے اہم عہدیدار کو طلب کیا ،چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا جی راجہ صاحب کیا عجلت ہے؟ میں عموماً ہفتے کو کیسز نہیں کرتا لیکن آپ بتائیں کیاعجلت ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا 2دن سے پورا اسلام آباد ،کاروبار بند ہے، بچوں کے امتحانات ہیں، ڈیڑھ لاکھ بندوں کی روزانہ آمدورفت ہے،جسٹس عامر فاروق نے کہا صورتحال سمجھ سکتا ہوں، خود کنٹینرز کے درمیان سے گزر کر آیا ہوں،وکیل نے کہا شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس بھی ہونے جا رہی ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کانفرنس میں توابھی ہفتہ پڑا ہے، ایک چیز ہر ایک کو یاد رکھنی چاہیے ہر شہری کے حقوق ہیں، ایک شہری کے حقوق کےساتھ ساتھ دیگر کے حقوق کا خیال بھی رکھنا ہوتا ہے، امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا حکومت کا کام ہے۔
چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو روسٹرم پر بلایا اور کہا سیکرٹری داخلہ سے کہیں عدالت میں پیش ہو جائیں، پولیس کے بھی کسی ذمہ دار افسر کو پیش ہونے کا کہہ دیں، وزیر داخلہ کو بلانا تو شاید مناسب نہ ہو لیکن اگر ہوں تو بلا لیں،عدالت پی ٹی آئی کو کوئی ڈائریکشن نہیں دے سکتی، حکومتی اداروں کو آرڈر جاری کر سکتا ہوں شہریوں کے حقوق کا تحفظ کریں، موبائل سگنل 2دن سے بند ہیں کسی کی ایمرجنسی ہو جائے تو کیا ہو گا،کیس آئندہ ہفتے کےلئے دوبارہ رکھ رہا ہوں، مجھے امید ہے پیر کو واپس آئیں تو حالات معمول کے مطابق ہوں،کسی کا حق نہیں سڑک کے درمیان اکٹھے ہو جائیں اور میرا راستہ بند کر دیں، مناسب جگہ دیں جہاں احتجاج کریں یا جو مرضی کرنا ہو کر لیں، حالات دیکھ کر ایسا لگ رہا جیسے ملک حالت جنگ میں ہے۔
سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا کی آمد پر چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا سیکرٹری صاحب آپ نے پورا شہر کیوں بند کیا ہوا ہے؟ ، حکومت کا کام ہے شہریوں کے برابر کے حقوق کو یقینی بنایا جائے۔
بعدازاںعدالت نے حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہااسلام آباد میںغیر قانونی اجتماع کی اجازت نہیں دی جائے گی، یقینی بنایا جائے ایس سی او سمٹ کے دوران اسلام آباد میں احتجاج اور لاک ڈاو¿ن کی صورتحال پیدا نہ ہو،اسلام آباد انتظامیہ اور حکومت احتجاج کیلئے مناسب جگہ مختص کرے، مظاہرین انتظامیہ کی جانب سے مختص کردہ جگہ پر جا کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔
حکم نامے میں کہا گیا آئین کے آرٹیکل 16 اور 17 عوام کو اجتماع اور نقل و حرکت کے بنیادی حقوق فراہم کرتے ہیں تاہم بنیادی حقوق قانون کے مطابق لگائی گئی مناسب قدغن پر منحصر ہیں،ایک سیاسی جماعت کے کارکن ریڈ زون کی جانب مارچ کر رہے ہیں، بتایا گیا کارکنوں کا ریڈ زون میں اجتماع دیگر شہریوں کی نقل و حرکت منجمد کر دے گا،عدالت نے حکم دیااسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کےلئے مناسب اقدامات کیے جائیں،کیس کی آئندہ سماعت 17 اکتوبر کو مقرر کی جائے۔
اسلام آباد میں غیر قانونی اجتماع کی اجازت نہیں دینگے:ہائیکورٹ
















