لاہور (ہیلتھ رپورٹر) کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی تعمیر نو کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور پروجیکٹ ڈائریکٹر لیڈی ولنگڈن ہسپتال پروفیسر محمود ایاز اور سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سید واجد علی شاہ نے شرکت کی۔ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے پیش کردہ مجموعی پیشرفت اور ڈرائنگ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پروفیسر محمود ایاز نے شرکاءکو پراجیکٹ کی موجودہ صورتحال بارے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ متعلقہ افسران کو پراجیکٹ کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پراجیکٹ کی تکمیل کے بعد جلد بلڈنگ کو فنکشنل کر دیا جائیگا، اس پراجیکٹ کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دریں اثناءصوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے مقامی ہوٹل میں ڈینگی کی کلینیکل مینجمنٹ کے عنوان پر ماسٹر ٹرینرز کی ریفریشر ٹریننگ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ٹریننگ کا اہتمام عالمی ادارہ صحت اور ڈی ایگ نے کیا تھا۔ اس موقع پر چیئرمین ڈی ایگ پروفیسر عمران، پروفیسر صومیہ اقتدار، عالمی ادارہ صحت سے ڈاکٹر جمشید و دیگر ماہرین کے علاوہ ماسٹر ٹرینرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ ماسٹر ٹرینرز کیلئے دو روزہ ریفریشر ٹریننگ کا اہتمام کروانے پر ذمہ داران کو شاباش دیتے ہیں۔ صوبہ بھر میں ڈینگی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ڈینگی کے مریضوں کے علاج و معالجہ کے دوران کلینیکل مینجمنٹ انتہائی اہم ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے مختص ایچ ڈی یوز میں تربیت یافتہ طبی عملہ کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس وقت انتظامیہ چوبیس گھنٹے ڈینگی کی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔ عوام سے اپنے گھروں، دفاتر و بزنس پوائنٹس کو صاف ستھرا رکھنے کی گزارش کرتے ہیں۔
ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کیلئے تربیت یافتہ عملہ تعینات کردیا: سلمان رفیق
















