اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی درخواست منظور کرتے ہوئے پنجاب میں الیکشن ٹریبونلز کی تشکیل سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا،سپریم کورٹ نے پنجاب میں الیکشن ٹریبونلز کیس کا محفوظ فیصلہ سنا دیا، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے فیصلہ پڑھ کر سنایا جبکہ جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس عقیل عباسی نے فیصلے سے اتفاق کرتے ہوئے اضافی نوٹ لکھا،سپریم کورٹ کے 5رکنی لارجر بنچ نے متفقہ فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے ہائیکورٹ کے جج نے چیف الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس کی ملاقات نہ ہونے کو مدنظر نہیں رکھا، اگر ملاقات نہ ہونا مدنظر رکھتے تو ایسا فیصلہ نہ کیا جاتا،عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہے تنازع جب آئینی اداروں کے مابین ہو تو محتاط رویہ اپنانا چاہیے، لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ بطور عدالتی نظیر کسی فورم پر پیش نہیں کیا جا سکتا۔
پنجاب الیکشن ٹریبونلز کیس، لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم، ای سی پی کی اپیل منظور
















