اہداف کے حصول کےلئے چین کےساتھ ملکر کام کرینگے،زرداری

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)صدر آصف زرداری نے محفوظ، پائیدار اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کےلئے چین کےساتھ مل کر کام کرےگا جس سے امن و خوشحالی کے دور کا آغاز ہوگا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیجنگ میں ہونے والے عالمی پائیدار ٹرانسپورٹ فورم سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آصف زرداری نے کہا پاکستان پائیدار ترقی کو فروغ دینے ،علاقائی و عالمی اقتصادی خوشحالی میں چین کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،خواتین کےلئے خصوصی پنک بسیں متعارف کرائیں تاکہ پبلک ٹرانسپورٹ کا محفوظ، آرام دہ و قابل رسائی طریقہ فراہم کیا جاسکے،عوام کی ضروریات پوری کرنے کےلئے موثر، ماحول دوست ٹرانسپورٹ کیلئے پائیدار انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے کہادیہی علاقوں کی سڑکوں تک92فیصد رسائی نمایاں بہتری ہے ،دیہی علاقوں کی رسائی میں اضافہ پائیدار ترقی کے فروغ ،دیہی آبادی کو بنیادی خدمات کی فراہمی بہتر بنانے میں مددگار ہوگا،5سال میں تباہ کن سیلابوں، شدید بارشوں سمیت موسمی حالات نے پاکستان کے ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچایا ،رکن ممالک کی ٹرانسپورٹ انتظامیہ کے درمیان پائیدار ٹرانسپورٹ تعاون کے حمایتی ہیں۔