آئینی ترامیم کی منظوری پھر موخر،خواجہ آصف نے نمبر پورے نہ ہونے کااعتراف کرلیا

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)آئینی ترامیم کی منظوری پھر موخر،سارا دن گہما گہمی،ملاقاتیں ،مشاورتی بیٹھک بے سود،وفاقی کابینہ،قومی اسمبلی اور سینٹ اجلاسوں کے وقت بار بار تبدیل،رات گئے معاملہ آج تک موخر کردیا گیا۔

قومی اسمبلی کااجلاس رات 11بجے کے بعد شروع ہوا،وقفہ سوالات اور توجہ دلاو نوٹس کو معطل کرنے کی تحریک منظور ہوتے ہی اجلاس مختصر ترین کارروائی کے بعدآج 12.30 تک ملتوی کردیا گیا،ذرائع کے مطابق آئینی ترامیم پر اتفاق رائے نہ ہونا اجلاس ملتوی ہونے کاسبب بنا،سینٹ اور وفاقی کابینہ کے اجلاس بھی ملتوی کرنا پڑے۔

دوسری جانب پارلیمان کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں اپوزیشن و حکومتی جماعتوں نے آئینی عدالت کی مشروط حمایت کردی ،ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی، جے یو آئی اور حکومتی اتحادی جماعتیں آئینی عدالت پر مشروط رضامند ہیں۔

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہاچیف جسٹس کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر حکومت کا ساتھ نہیں دے سکتے،جے یوآئی سربراہ نے بل پر مزید مشاورت کرنے کی تجویزدی ،پی ٹی آئی نے مو¿قف اپنایا جلد بازی میں قانون سازی نہ کی جائے،آئینی معاملے پر مزید مشاورت درکار ہے،قبل ازیں سارا دن ملاقاتوں اور مشاورتوں کانہ رکنے والا سلسلہ جاری رہا،فضل الرحمن حکومتی،اپوزیشن کی توجہ کامر کز رہے،دونوں فریقین بار بار جے یوآئی سربراہ کے در پر جاکر اپنے لیے حمایت حاصل کرنے کی کوشش میں مصروف رہے،بی این پی مینگل سے بھی رابطے کیے گئے۔

قبل ازیں اجلاس میں آمد کے موقع پر صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا ڈیڈ لاک کس بات پر ہے؟ جواب میں مولانا نے کہا آپ دیکھتے جائیں،صحافی نے کہاآپ جمہوریت یا حکومت کےساتھ کھڑے ہیں؟ جواب میں فضل الرحمن نے کہا میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں،مرکزی جنرل سیکرٹری جے یو آئی عبدالغفور حیدری نے کہاآئینی ترمیم کا مسودہ نہیں دیا گیا، جب تک بل نہیں دیکھیں گے، پڑھیں گے نہیں کیسے ووٹ دیں،حکومتی ٹیم کو کہا ہے بل پیش کرنے میں جلدی نہ کریں،چاہتے ہیں اپوزیشن کی دیگر جماعتیں بھی آئینی ترمیم کے مسودے کو پڑھ سکیں۔

ادھر بی این پی مینگل کے قائم مقام صدر ساجد ترین نے کہا ہے مجوزہ آئینی ترمیم پر حمایت حاصل کرنے کےلئے پارٹی کے2سینیٹرز کو ڈرایاگیا، گھروں ،فارم ہاﺅسز پرچھاپے مارے گئے، بلوچستان کےساتھ ہمیشہ ایسے ہوتا رہا ہے، پہلے ڈنڈے سے مارتے ہیں پھر کہتے آپ کا نام کیا ہے،اختر مینگل کا وطن واپسی کا کوئی ارادہ نہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہاپارٹی کے 2اراکین کو غائب کردیا گیا،کمیٹی میں ان کیمرہ گفتگو ہوئی، حکومت نے بل شیئر نہیں کیا، عدلیہ کو کمزور کرنے کی کو شش کی جارہی ہے،فضل الرحمن کی کسی تجویز پر عمل نہیں ہوا، صرف سنا اور کوئی تجویز نہیں دی ،قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہاخصوصی کمیٹی کے پاس آئینی ترامیم لانے کا کوئی مینڈیٹ نہیں ،آئینی ترامیم کے عمل کا حصہ نہیں بنیں گے۔

دریں اثنا وزیر اطلاعات و نشریات عطاتارڑ نے کہا حکومت ،اپوزیشن کے درمیان آئینی ترامیم پر وسیع تر اتفاق رائے پید کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے،تاخیر کی وجہ صرف مشاورت ہے،ملکی تاریخ کا اہم موڑ ہے، میثاق جمہوریت میں وعدہ کیا گیا تھا انصاف کی فراہمی آسان بنائی جائے گی،انصاف کا نظام بہتر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ترامیم سے ہر پاکستانی کی زندگی میں بہتری آئے گی، پارلیمنٹ آئین و قانون میں ترمیم کا حق رکھتی ہے، عوام نے اپنے ووٹوں سے منتخب کر کے پارلیمنٹ میں بھیجا لہٰذا فرائض میں شامل ہے عوام کے مفاد میں قانون سازی کی جائے ، آئینی ترامیم پاکستان ،عوام کےلئے ہیں۔

وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا نمبر پورے نہ ہونے پر اجلاس ملتوی ہوا،مولانا نے سپورٹ نہیں کیا ،ترامیم پاس ہونے کے بعد پارلیمنٹ کے ماحول میں بہتری آئےگی،آئینی عدالت کا قیام،عدالتوں میں ججزکی تعداد میں اضافہ بل کا حصہ ہے،خواجہ آصف نے کہا اگرعدلیہ زیادہ سے زیادہ اختیارات حاصل کرنے میں لگی رہے تو سائلین متاثر ہوتے ہیں، عدلیہ ایک محترم ادارہ ہے اسے بھی سوچنا چاہیے، توہین عدالت فوری لگادیتے ہیں نہیں دیکھتے توہین ہوئی بھی ہے یا نہیں، مخصوص نشستوں کے فیصلے کے ذریعے آئینی ترمیم کا راستہ روکنے کی کوشش کی گئی، آئینی ترمیم سے ٹھنڈی ہوا سب کو لگے گی۔

دوسری جانب مجوزہ آئینی ترامیم میں22شقیں شامل ہیں، اہم نکات سامنے آگئے،ذرائع کے مطابق بلوچستان اسمبلی کی سیٹیں65 سے بڑھا کر81 کرنے اور آئین کے آرٹیکل 63 میں ترامیم شامل ہیں،چیف جسٹس کی تقرری کےلئے 5سینئر ججز کا پینل وزیراعظم کو بھجوانے کی تجویز دےدی گئی، وزیر اعظم 5سینئر ججز میں سے کسی ایک کو چیف جسٹس تعینات کرسکیں گے۔

اہم نکات کے مطابق پارلیمانی کمیٹی کو بااختیار بنانے کےلئے جوڈیشل کمیشن کیساتھ اکٹھا کردیا جائے گا، پارلیمانی کمیٹی ،جوڈیشل کمیشن کے اکٹھا ہونے کے بعد ہائیکورٹس کے ججز میں سے پہلے 5ججز میں کسی ایک کو چیف جسٹس تعینات کرنے کی منظوری لی جاسکے گی،آئینی عدالت کا قیام عمل میں لایا جائے گا، آئینی عدالت کےلئے الگ سے چیف جسٹس کا تقررہوگا، عدالت میں 5ججز کام کریں گے، ہائیکورٹس کے ججز کے ایک صوبے سے دوسرے صوبے میں تبادلے بھی مسودے کا حصہ ہیں۔