بڑھتی کشیدگیوں سے دنیا منقسم ہونے کا خطرہ ہے:وزیراعظم

اسلام آباد: ( ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے نئے عالمی چیلنجز اور بڑھتی کشیدگیوں سے دنیا منقسم ہونے کا خطرہ ہے۔

اقوام متحدہ کی سمٹ آف دی فیوچر سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا دنیا کو متحد کرنے کیلئے مساوات و انصاف ضروری ہے، غزہ کے مسلمانوں کی مصیبتیں عالمی اتحاد کی کھلم کھلا تضحیک ہیں، اجتماعیت کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا معاشی طور پر کمزور ممالک پر قرضوں کے انبار، غربت میں اضافہ، معاشی تقسیم، عدم برداشت، دہشت گردی، غیرقانونی غاضبانہ قبضے اور موسمیاتی تبدیلی پر غیر سنجیدگی عالمی اتحاد میں رکاوٹیں ہیں۔

وزیراعظم نے کہا پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے عالمی معاشی ڈھانچے کی اصلاحات ضروری ہے، عالمی برادری کو ترقیاتی سرمایہ کاری کے جدید طریقوں کے بارے میں سوچنا ہوگا، دنیا کو ٹیکنالوجی کے غلط استعمال سے بھی محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے، نا انصافی اور عدم مساوات مقامی اور بین الاقوامی سطح پر برے عناصر کو استحصال کا موقع دیتے ہیں۔