اسلام آباد: ( ) ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کالعدم قرار دیتے ہوئے جوڈیشل کرنے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل ڈویژن بنچ نے درخواستوں پر سماعت کی۔
جسٹس عامر فاروق نے کہا جی تو سٹیٹ گئی ، جسمانی ریمانڈ کے تمام آرڈرز ایک جیسے ہی ہیں، سٹیٹ کو جواب دینے دیں ایسا کیا ہوگیا تھا 8، 8 روز کا جسمانی ریمانڈ دیا گیا، یہ تو ایسا عمل ہے جس کی کوئی مثال نہ ملتی ہو۔
پراسیکیوٹر جنرل کے ایف آئی آر پڑھنے پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے دلچسپ ریمارکس دیتے ہوئے کہا ایف آئی آر کا آتھر بھی دلچسپ ہے، اسلام آباد پولیس ہے یا رضیہ جوغنڈوں میں پھنس گئی، کریڈٹ دینا ہوگا بڑے عرصے بعد اچھی کامیڈی دیکھنے کو ملی جس نے بھی ایف آئی آر لکھی اچھی کامیڈی لکھی ۔
جسٹس عامر فاروق نے کہا شعیب شاہین پر پستول ڈال دی، شعیب شاہین کو میں نہیں جانتا؟ گوہر خان کا کہہ رہے ہیں پستول نکال لی، گوہر کو آپ اور میں نہیں جانتے؟ کامیڈی آپ نے پڑھ لی اب کیا برآمد کرنا ہے؟ پراسیکیوٹر جنرل اسلام آباد نے کہا شعیب شاہین سے ڈنڈا برآمد ہو گیا ۔
جسٹس عامر فاروق کی بے ساختہ ہنسی نکل گئی جس پر کمرہِ عدالت میں قہقہے لگ گئے، پراسیکیوٹر جنرل اسلام آباد نے کہا شیر افضل مروت سے بھی پستول برآمد ہوگیا ۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا 4 دن ہوگئے آپ نے جو کرنا تھا وہ کر لیا، 8 دن کا ریمانڈ کیوں دیا گیا؟ 2 دن کا دے دیتے، کسٹڈی دی جاتی ہے لیکن حتمی طور پر کسٹڈی کورٹ کی ہی ہوتی ہے، مقدمے میں مضحکہ خیز قسم کے الزامات لگائے گئے اور 8 دن کا ریمانڈ دے دیا اگر الزام درست بھی مان لیں تو ایک طریقہ کار ہے ، سٹوری جس نے بنائی ہے مزیدار قسم کی کہانی ہے جس پر فلم بن سکتی ہے۔
وکیل عادل عزیز قاضی نے کہا وہاب الخیری کیس میں سپریم کورٹ کی ججمنٹ موجود ہے، انسداد دہشتگردی عدالت میں ضمانت کی درخواست دی لیکن سنی نہیں گئی، چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا وہ ہمارا آرڈر لیٹ گیا ہوگا دیکھ لیتے ہیں، مختصر آرڈر ابھی کر دیں گے تاکہ آپ کو ریلیف مل سکے۔
بعدازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے جوڈیشل کرنے کا حکم دے دیا۔
پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کالعدم
















