عوامی جان ومال کا تحفظ ترجیح، کوتاہی برادشت نہیں،مریم نواز

لاہور:( اپنے رپورٹر سے)وزیر اعلیٰ مریم نوازکے پنجاب پولیس کو عوام کا حقیقی محافظ بنانے کے عزم اور کارکردگی میں بہتری کےلئے مثالی احکامات پر عملدرآمدشروع ،شفافیت و عوام سے بہتر رویہ یقینی بنانے کےلئے پولیس جوانوں کو باڈی کیم سے لیس کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد کاآغاز کردیاگیا،پولیس افسروں و اہلکاروں کے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی کا حکمنامہ جاری کر د یا گیا۔

ہوم ڈیپارٹمنٹ نے وزیر اعلیٰ مریم نوازکی ہدایت پر پولیس باڈی کیم ،سوشل میڈیا پر پابندی کے احکامات جاری کیے،پولیس آپریشن، انویسٹی گیشن اور ٹریفک ونگ کے اہلکار باڈی کیم لگائیں گے، باڈی کیم سے لیس کرنے پر پولیس اہلکاروں کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ بھی ممکن ہوگی،وزیر اعلیٰ مریم نوازنے کہا عوامی جان ومال کا تحفظ ترجیح ہے، کوتاہی برادشت نہیں، باڈی کیم لگانے کا مقصد پولیس کے روئیے میں بہتری اور مانیٹرنگ یقینی بنانا ہے۔

دریں اثنا مریم نواز نے داتا گنج بخش ٹاﺅن کی یو سی 69 میں پولیو ٹیم پر تشدد کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہاپولیو ورکرز بچوں کو معذوری سے بچانے کا قومی فریضہ سر انجام دے رہے ہیں، انسداد پولیو ویکسی نیشن مہم میں رکاوٹ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزید برآںوزیر اعلیٰ پنجاب نے 1965 کی جنگ کے ہیرو میجر عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کے یوم شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا شہید کی موت قوم کیلئے حیات نوکا نیا پیغام ہوتی ہے، میجر عزیز بھٹی شہید نے پاک سرزمین کےلئے جان کا نذرانہ پیش کیا،قربانی پر پوری قوم کو فخر ہے،وطن عزیز کی حفاظت کیلئے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے پوری قوم کے ہیرو ہیں، شہدا کی عظیم قربانیوں پر پاکستانی قوم کو ناز ہے۔