پاکستان کو دہشت گرد گروہوں سے پاک کرنے کا وقت آگیا: محسن نقوی

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے پاکستان کو دہشت گرد گروہوں سے پاک کرنے کا وقت آگیا ہے،وزیر داخلہ محسن نقوی سے عوامی نیشنل پارٹی کے صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، خیبرپختونخوا میں قیام امن کےلئے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی،وزیر داخلہ نے کہا دہشت گردی ہر شکل میں قابل مذمت ہے، دہشت گردی کےخلاف قومی بیانیہ پاکستان کی آواز ہے، دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے سب کو ایک ہونا ہوگا، اے این پی نے دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، عوامی نیشنل پارٹی کے لوگوں نے دہشت گردی کےخلاف جنگ میں جام شہادت نوش کیا ہے اور ہم انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، آج سیاسی و گروہی تفریق سے بلند ہو کر پاکستان کو دہشتگرد گروہوں سے پاک کرنے کا وقت آگیا ہے، عوام کی حمایت سے دہشت گردوں کا صفایا کریں گے،دوران ملاقات عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی خان نے انسداد دہشت گردی کےلئے اے این پی کی حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا دہشت گردوں نے معصوم لوگوں کو شہید کیا، اس جنگ میں آپ کے ساتھ ہیں۔