مہمند:ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملہ ناکام، 4 خوارج بمبار ہلاک

راولپنڈی،اسلام آباد :(بیورورپورٹ) مہمند میں ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملے کی کوشش ناکام ،سکیورٹی فورسز نے 4 خوارج خودکش بمبار وں کو جہنم واصل کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 6 ستمبر کی صبح خوارج کے گروپ نے مہمند میں ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملے کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے موثر کارروائی کرتے ہوئے کیمپ میں داخلے کی کوشش ناکام بنا دی، جوابی کارروائی میں چاروں خوارج خودکش بمبار مطلوبہ نقصان پہنچانے سے پہلے ہی مارے گئے، ہلاک حملہ آوروں کے قبضے سے خودکش جیکٹس ، ڈیٹونیٹر، اسلحہ اور بارودی مواد قبضے میں لے لیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دیگر خارجی دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

دریں اثنا صدر مملکت آصف زرداری نے سکیورٹی فورسز کو مہمند میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر خوارج کا حملہ ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہماری سکیورٹی فورسز نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاروں خوارج حملہ اوروں کا خاتمہ کیا، پوری قوم کو اپنے جوانوں پر فخر ہیں جو ہر لمحہ مادر وطن کی حفاظت کےلئے تیار ہیں،دہشت گردوں کو مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاک فوج کے جوانوں نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت سے کیمپ پر حملہ آور ہونےوالے 4 خود کش خارجیوں کو جہنم واصل کیا، مجھ سمیت پوری قوم پاک فوج کے بہادر افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کیخلاف جنگ جاری رکھیں گے، پاک فوج کے افسر و جوان فتنہ الخواج کے دہشت گردوں سے پاکستان کی مٹی کو پاک کرنے کیلئے مصروف عمل ہیں، دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا سکیورٹی فورسز نے تاریکی میں حملہ کرنے والے بزدل دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا، حملہ ناکام بنانے اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں، پاکستان کی سکیورٹی فورسز فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ناپاک وجود کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے ہمیشہ بروقت ایکشن کر کے دہشتگردوں کی کارروائیوں کو ناکام بنایا ہے جس پر قوم بجا طور پر فخر کر سکتی ہے۔