اب جنگ ذہن اور روح کی ہے،ریسرچ پر توجہ دینا ہوگی،جی سی یو میں یوم دفاع پر تقریب

لاہور: ( ایجوکیشن رپورٹر )جی سی یونیورسٹی میں یوم دفاع کے حوالے سے تقریب کا انعقاد ہوا،تقریب میں مقررین نے نظریاتی سرحدوں کے تحفظ پر ضرور دیا، یومِ دفاع کی خصوصی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر، ایئر وائس مارشل (ر) انور محمود خان، بریگیڈیئر (ر) جاوید احمد اور معروف شاعر صوفی تبسم کی پوتی فوزیہ تبسم نے خطاب کیا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے کہا 6ستمبر تاریخ کا یادگار دن ہے جب ہمارے بہادر سپاہیوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا،آج بھی ماوں میں وہ جذبہ موجود ہے کہ وہ اپنے بیٹوں کو ملک کی خاطر قربان کر سکتی ہیں، ہمیں نہ صرف جسمانی بلکہ نظریاتی جنگ کو بھی جیتنا ہے۔

ایئر وائس مارشل (ر) انور محمود خان نے اپنے خطاب میں کہا اب یہ جنگ ذہن اور روح کی ہے اور ہمیں ریسرچ پر توجہ دینی چاہیے تاکہ ہم سوسائٹی کو مضبوط بنا سکیں، انہوں نے ٹیکنالوجی اور سکلز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا آنے والے کل کو بہتر بنانے کےلئے ہمیں اپنی مہارتوں کو مزید ترقی دینی ہوگی، بریگیڈیئر (ر) جاوید احمد نے طلباءسے خطاب کرتے ہوئے کہا قوم کی تمام امیدیں آپ نوجوانوں سے وابستہ ہیں،انہوں نے قائد اعظم کے پیغام کی یاد دہانی کراتے ہوئے کہا ہمیں اپنی آزادی کو برقرار رکھنے کےلئے اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنی ہے،فوزیہ تبسم نے صوفی تبسم کی جنگ ستمبر کے دوران لکھے گئے ملی ترانوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔