نیب ترامیم بحال،عمران خان خلاف آئین ثابت کرنے میں ناکام رہے،سپریم کورٹ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)حکومتی اپیلیں منظور،3رکنی بنچ کافیصلہ کالعدم،عمران خان خلاف آئین ثابت کرنے میں ناکام،سپریم کورٹ نے نیب ترامیم بحال کردیں،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے فیصلہ سنایا،نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کےخلاف انٹرا کورٹ اپیلوں پر 16 صفحات پر مشتمل اپنا تحریر کردہ فیصلہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے فیصلہ پڑھ کر سنایا۔

تفصیلی فیصلے میں کہا گیابانی پی ٹی آئی ثابت نہیں کرسکے نیب ترامیم غیر آئینی ہیں،نیب قانون سابق آرمی چیف پرویزمشرف نے زبردستی اقتدار میں آنے کے 34 دن بعد بنایا، پرویز مشرف نے آئینی جمہوری آرڈر کو باہر پھینکا اور اپنے لیے قانون سازی کی،غیر آئینی اقدام کی توسیع نہ کرنے والے ججز کو ہٹایا ۔

سپریم کورٹ نے کہاآئین میں کردار واضح ہے، عدلیہ ،مقننہ کو ایک دوسرے کے دائرہ کار میں مداخلت پر نہایت احتیاط کرنی چاہیے، آئین میں دیے گئے فرائض کی انجام دہی کے دوران بہتر ہے ادارے عوام کی خدمت کریں، چیف جسٹس اور سپریم کورٹ ججز پارلیمنٹ کے گیٹ کیپرز نہیں،مشرف دور میں بنائے گئے قانون کے دیباچہ میں لکھا گیا نیب قانون کا مقصد کرپشن کا سدباب ہے، جن سیاستدانوں یا سیاسی جماعت نے پرویز مشرف کو جوائن کیا بری کر دیا گیا، نیب قانون کا اصل مقصد سیاسی انتقام یا سیاسی انجینئرنگ تھا۔

فیصلے میں کہا گیا پریکٹس پروسیجر قانون نیب ترامیم درخواست پر فیصلے سے 5 ماہ پہلے بنایا گیا، نیب ترامیم کےخلاف درخواست پر 5 رکنی بنچ بنانے کی استدعا کو مسترد کیا گیا، جسٹس منصور علی شاہ نے نشاندہی کی نیب ترامیم پر 5رکنی بنچ بنایا جائے، جسٹس منصور خود کو الگ کر لیتے تو 2 ممبر نیب ترامیم کےخلاف درخواست سن سکتے نہ فیصلہ کر سکتے۔

عدالت عظمیٰ نے کہاجسٹس عمر عطا بندیال بنچ نے پریکٹس پروسیجر قانون کے آپریشن کو معطل کیا، پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کو معطل کرنے کے بعد کیس دوبارہ نہیں سنا گیا، پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کےخلاف درخواستوں کو 100 دن تک نہیں سنا گیا، قانون کےخلاف درخواستوں پر 18 ستمبر 2023 کو سماعت ہوئی،فیصلے کے مطابق نیب قانون میں 3 ترامیم کی گئیں، پہلا نیب ایکٹ 22 جون 2022 کو نافذ کیا گیا ،نیب قانون میں دوسری ترمیم 22 اگست 2022 ،تیسری ترمیم 29 مئی 2023 کو کی گئی، جب نیب ترامیم کےخلاف مقدمے کی 6سماعتیں ہو چکی تھیں تو تیسری ترمیم لائی گئی، نیب قانون کی تیسری ترمیم کا سپریم کورٹ نے فیصلے میں جائزہ ہی نہیں لیا گیا، سپریم کورٹ کو قانون سازی جلد ختم کرنے کی بجائے بحال رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

فیصلے میں کہا گیااگر کسی قانون کی 2 تشریحات ہوں تو قانون کے حق میں آنےوالی تشریح کو تسلیم کیا جائے گا، درخواست اور سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین کے مطابق نہیں،موجودہ مقدمے میں بھی ترامیم غیر آئینی ہونے پرقائل نہیں ہو سکے، بہت سی نیب ترامیم کے معمار مسٹر نیازی (عمران خان) خود تھے،درخواست نیک نیتی سے دائر نہیں کی گئی، مسٹر نیازی کی درخواست سپریم کورٹ میں قابل سماعت ہی نہیں تھی۔

سپریم کورٹ نے کہانیب فیصلے میں نہیں بتایاگیا نیب ترامیم بنیادی حقوق سے متصادم کیسے ہیں، مسٹرنیازی اور وکیل خواجہ حارث ترامیم بنیادی حقوق سے متصادم ہونے پر مطمئن نہ کرسکے،پارلیمنٹ کا کام قانون سازی کرنا ہے، جب تک قانون کالعدم نہ ہوسپریم کورٹ و دیگرعدالتیں قانون پر عمل کی پابند ہیں، جب تک قانون کالعدم نہ ہو احترام ہونا چاہیے، پارلیمنٹ آئین سے منافی قانون بنائے تو عدالت کو کالعدم کرنے کا اختیار ہے، 3رکنی بنچ کے اکثریتی ججز نے ترامیم کا آئین کے تناظر میں جائزہ نہیں لیا، ججز اپنے حلف کے مطابق آئین و قانون کے پابند ہیں،آئینی اداروں کو ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہیے۔