کم آمدن والے افراد کیلئے اپنی چھت کا خواب پورا کریں گے‘مریم نواز

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کہا ہے کم آمدن والے افراد کیلئے اپنی چھت کاخواب پورا کریں گے، اخوت کے بانی و چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب سے ملاقات میں مریم نوازنے امجد ثاقب کی سربراہی میں اخوت کی سماجی خدمات کو سراہا،ڈاکٹر امجد ثاقب نے بجلی بلوں میں عوامی ریلیف او راپنی چھت،اپنا گھر پروگرام کو خراج تحسین پیش کیا۔

مریم نوازنے گفتگو کرتے ہوئے کہا پنجاب میں لو کا سٹ ہاوسنگ پروگرام کا آغاز ہو چکا،ہر سال دائرہ کار مزید بڑھائیں گے،اپنی چھت اپنا گھر پروگرام ملکی تاریخ کاسب سے بڑا اور سستا رہائشی پر اجیکٹ ہوگا،بنیادی مقصد مالی طور کمزور طبقوں کو رہائش فراہم کرنا ہے، عوام پر مالی بوجھ کم کرنے کےلئے حکومتی سبسڈیز دیں گے اور آسان ترین ماہانہ اقساط مقررکریں گے،پروگرام کے تحت پائیدار اور ماحول دوست گھروں کی تعمیر کو فروغ دیا جائےگا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا انقلابی ہاوسنگ پراجیکٹ کے اجرا سے لاکھوں افراد کو روزگار ملے گا،لاکھوں خاندان بہتر زندگی گزار سکیں گے، اپنی چھت اپنا گھر پروگرام سود کے بغیر قرضوں کی فراہمی کےلئے ملکی تاریخ کاپہلا بڑا پراجیکٹ ہوگا،بے گھر لوگوں کو اپنے گھر کی فراہمی ترجیحات میں سرفہرست ہے،پروگرام میں 3 پلان کے تحت پراجیکٹ لانچ کیے جارہے ہیں۔

مریم نواز نے کہادیہات میں 10مرلے اور شہروں میں 5مرلے تک رہائشی پلاٹ کے مالکان 15لاکھ روپے تک قرض لے سکتے ہیں،سکیم میں تقریباً 14ہزار روپے ماہانہ اقساط میں واپس کرنا ہوں گے، کوئی سود نہیں، بڑے شہروں میں سرکاری زمینوں پر 4منزلہ فلیٹس تعمیر کریں گے، فلیٹ آسان اقساط سے قرعہ اندازی کے ذریعے لوگوں کو مہیا کئے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا پرائیویٹ ہاوسنگ سکیموں میں 3سے 5مرلے تک گھربنا کر دیئے جائیں گے، پرائیویٹ ہاوسنگ پراجیکٹ میں حکومت ہر گھر کےلئے10 لاکھ تک سبسڈی دے گی، پرائیویٹ ہاوسنگ پراجیکٹ درخواست دہندہ 5سالوں میں باقی اقساط ادا کرکے اپنے گھر کا مالک بن جائے گا۔

دریں اثناکشمیری رہنما علی گیلانی کی برسی کے موقع پراپنے پیغام میں مریم نواز نے کہاعلی گیلانی دنیا بھر میں حریت کی لازوال مثال بن کر زندہ رہیں گے ،تحریک آزادی کشمیر کے نڈر رہنما سے غاصب قوتیں ہمیشہ خوفزدہ تھیں،علی گیلانی کی بے مثال جہدوجہد کوتاریخ آزادی کشمیر میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔