صارفین کو ریلیف کیلئے کسی قسم کی کوتاہی کا مظاہرہ نہ کیا جائے: اویس لغاری

لاہور (خبرنگار)سپارکو میں ہونیوالے اس اہم اجلاس میں وفاقی سیکریٹری انرجی پاور فخر عالم عرفان، سیکرٹری انرجی پنجاب ڈاکٹر نعیم روف، پی پی ایم سی سے ثاقب جمال، لیسکو بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین عامر ضیا، بورڈ ممبر طاہر بشارت چیمہ، زوئے خورشید، ڈاکٹر نعیم، اسد شفیع، ظفر محمود، چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر، جی ایم ٹیکنیکل لیسکو عامر یاسین، ڈائریکٹر کسٹمر سروسز سرور مغل، چیف انجینئر پی آئی یو شعیب عاصم اور ڈی جی میراڈ الطاف قادر موجود تھے۔ اجلاس میں صوبائی حکومت کی جانب سے پنجاب کے صارفین کو دیئے جانیوالے ریلیف کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی، وفاقی وزیر اویس لغاری کا کہنا تھا کہ صارفین کو دیئے جانیوالے ریلیف کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی کا مظاہرہ نہ کیا جائے، کسی کوتاہی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ اس موقع پر ریجن بھرمیں جاری انسداد بجلی چوری مہم کے حوالے سے بھی جامع گفتگو کی گئی، لیسکو حکام نے بتایا کہ انسداد بجلی چوری مہم کے سلسلے میں پولیس کی جانب مکمل تعاون کیا جا رہا ہے۔ اعلیٰ حکام کی جانب سے بجلی چوری مہم کے دوران ہونیوالی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ لیسکو حکام کی جانب سے لائن لاسز،ریکوری، کسٹمر کیئر اور احتساب سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔دریں اثناءلیسکو کی انسداد بجلی چوری مہم کو 335روز مکمل ہوگئے، اس دورا ن ایک لاکھ 22ہزار59ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ترجمان لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے جاری ہونیوالے اعدادو شمار کے مطابق انسداد بجلی چوری مہم کے دوران اب تک ایک لاکھ 4ہزار584ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے جبکہ 37ہزار931ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا، بجلی چوروں کو مجموعی طور پر 13کروڑ 38لاکھ 41ہزار690یونٹس چارج کیے گئے، جن کی مالیت 4ارب 80کروڑ 67لاکھ73زار213روپے ہے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہیگا۔علاوہ ازیں چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر نادہندگان سے ریکوری کا عمل تیز کردیا گیا، اس سلسلے میں ایک روز کے دوران 122 نادہندگان سے 40 لاکھ 54 ہزار سے زائد کی ریکوری کرلی گئی۔