مسنگ ایشو کافی الارمنگ ،پتہ چلتا ہے بندہ لاپتہ لیکن افغانستان بیٹھا ہے،عدالت

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)عدالت نے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اکرم کی بازیابی کیلئے سی پی او راولپنڈی کو14ہفتے کی مہلت دےدی۔

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس مرزا وقاص روف نے اکرم کی بازیابی درخواست پر سماعت کی،عدالت نے استفسار کیا اکرم کی بازیابی کا کوئی سراغ ملا،سی پی او راولپنڈی نے کہا کام کر رہے ہیں،جج نے اکرم فیملی کی حفاظت یقینی بنانے اورمعاملے کی مکمل تحقیقات کاحکم دیتے ہوئے کہاجو کچھ ہو رہا ہے کسی نے لوگوں کےلئے کوئی اعتماد نہیں چھوڑا، ہر کسی نے اپنا رول ادا کرنا ہے، مسنگ ایشو کافی الارمنگ ہو چکا ، پتہ چلتا ہے بندہ یہاں مسنگ لیکن افغانستان بیٹھا ہے،بعدازاں عدالت نے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اکرم کی بازیابی کیلئے مہلت دیتے ہوئے سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

دوسری جانب اڈیالہ جیل راولپنڈی کے لاپتہ سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اکرم کی اہلیہ کو سرکاری گھر خالی کرنے کےلئے نوٹس جاری کردیا گیا،گھر خالی کرنے کا نوٹس سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل اڈیالہ کی جانب سے جاری کیا گیا،رہائش گاہ کے باہر چسپاں کیے گئے نوٹس میں سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اکرم کو مخاطب کرکے کہا گیا 20 جون کو آپ کا تبادلہ ہوا،2 ماہ میں مکان خالی کرنا ہوتا ہے، 2 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ، آپ نے سرکاری گھر خالی نہیں کیا۔

سرکاری رہائش گاہ کو اپنے قبضے میں رکھ کر قواعد کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے،نوٹس میں2 روز کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا گیا مکان خالی کر دیں ورنہ آپ کی رہائش گاہ کا پانی، بجلی منقطع کر دی جائے گی،

ادھر محکمہ جیل خانہ جات نے افسروں کے تقرر و تبادلے کرتے ہوئے اڈیالہ جیل میں اہم تعیناتیاں کردیں، عمران ،بشری کےلئے نئے 3جیل افسر تعینات کر دیئے گئے۔

گریڈ 17 کے علی امیر شاہ کو ایڈیشنل ڈپٹی سپریٹنڈنٹ ،گریڈ 17کے سبطین شاہ کو ڈپٹی سپریٹنڈنٹ ایگزیکٹو ،گریڈ 16کی خاتون افسر زیب النساءکو لیڈی ڈپٹی سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل تعینات کر دیا گیا،محکمہ جیل خانہ جات نے افسروں کی تقررتبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، تینوں افسروں نے فوری طور پر نئے تعیناتیوں کا چارج سنبھال لیا۔