اسلام آباد (مشرق نیوز) محکمہ موسمیات پاکستان نے صوبہ سندھ کی ساحلی پٹی پر طوفان کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں رن آف کچ کے علاقے کے اوپر ہواوں کا شدید دباو موجود ہے، ہواوں کا یہ سلسلہ سندھ کی ساحلی پٹی کی جانب آج رات یا کل تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ ہواوں کے اس دباو سے سائیکلون طوفان آنے کا خدشہ ہے جب کہ ہواوں کے اس دباو کے وجہ سے سندھ کے علاقوں تھر پارکر، بدین، حیدر آباد، کراچی سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔ ادارے کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ محکمہ موسمیات کا سائیکلون وارننگ سسٹم اس تمام صورتحال پر نظر رکھ رہا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے ممکنہ سمندری طوفان کے حوالے سے کہا کہ ڈیپ ڈپریشن کراچی کے جنوب مشرق میں 270 کلو میٹر دوری پر اور اب تک سسٹم خشکی پر موجود ہے۔ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ان دنوں سمندر میں درجہ حرارت اور ماحول سازگار ہے، امکان ہے کہ کل یہ ڈیپ ڈپریشن سمندر میں داخل ہوگا، طوفان بننے کی صورت میں کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ممکنہ طوفان کے باعث سمندر میں طغیانی کا خدشہ ہے، طغیانی بڑھنے سے ساحلی علاقے ابراہیم حیدری،مبارک ولیج میں آبادی میں پانی آسکتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اس طوفان کا نام اسنی رکھا گیا ہے، اسنی کے معنی بلند تر ہیں، اس طوفان کا نام پاکستان کی جانب سے تجویر کیا گیا ہے، اسنی طوفان کا دورانیہ کم لیکن شدت زیادہ ہوگی، چند گھنٹوں کے اس طوفان میں تیز ہوائیں چلیں گی، آندھی آئیگی۔
پی ایم ڈی نے آج اپنی تازہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں، سندھ میں سب سے زیادہ تھرپارکر ضلع میں 347 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔
سندھ کی ساحلی پٹی پر طوفان کا خدشہ، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا
















