مہنگائی،بھاری بلوں،ظالمانہ ٹیکسز کیخلاف کراچی سے خیبر تک شٹر ڈاﺅن

اسلام آباد،لاہور،کراچی،پشاور،کوئٹہ:(نمائندگان،رپورٹنگ ٹیم )مہنگائی،بھاری بلوں،ظالمانہ ٹیکسز کیخلاف کراچی سے خیبر تک شٹر ڈاﺅن،تمام چھوٹے بڑے شہروں میںکاروباری مراکز بند ،مارکیٹیوں میں سناٹے،احتجاجی مظاہرے،ٹائر نذ ر آتش، حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

تاجر تنظیموں ،جماعت اسلامی کی کال پر مہنگائی،بھاری بلوں،ظالمانہ ٹیکسز کیخلاف کراچی سے خیبر تک کامیاب شٹرڈاﺅن ہڑتال کی گئی،کاروباری مراکز بند رہے، قومی خزانے کواربوں کانقصان پہنچا، مظاہرین کی جانب سے سڑکوں پر ٹائر بھی نذر آتش کیے گئے،اسلام آباد انتظامیہ نے احتجاج کے پیش نظر ریڈ زون کی طرف جانےوالے راستوں کو کنٹینر لگاکر کر بند کیے رکھا،فیصل آباد میں احتجاج کے دوران کشیدگی دیکھنے میں آئی،تاجروں کے احتجاج میں بعض مخالفین گھس آئے اور ایکدوسرے کو دھکے دئیے، مخالف افراد کی جانب سے زبردستی بازار کھلوانے کی کوشش کی گئی،پولیس کی بھاری نفری نے صورتحال پر قابو پایا۔

ادھر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چودھری نے کامیاب شٹر ڈاﺅن ہڑتال پر تاجروں کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہاحکومت کو واضح پیغام دیدیا تاجر متحد ہیں،سب تدبیریں الٹ گئیں ،دھونس ،دباﺅ اور خوف کی سیاست بھی حکومت کے کام نہ آئی،تاجر دوست سکیم کو ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہوا تو غیر معینہ مدت کیلئے پہیہ جام ہڑتال سمیت مختلف آپشن استعمال کریں گے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے کاشف چودھری نے کہاوزیر اعظم مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ ہیں تو 5وفاقی وزارتوں پرمشتمل کمیٹی بنائیں، با اختیار کمیٹی میں وزارت خزانہ،تجارت،پانی و بجلی،پٹرولیم اور داخلہ کے نمائندے شامل ہونے ،مطالبے کوکمزوری نہ سمجھا جائے ،مسائل حل کرنا چاہتے ہیں، ہڑتال حکومت گرانے یا بنانے نہیں ،معیشت بچانے کےلئے ہے، کامیاب شٹرڈاﺅن حکمرانوں کی آنکھیں کھولنے کےلئے کافی ہے۔

صدرمرکزی تنظیم تاجران پاکستان نے کہاحکومت گرانے کیلئے مجبور نہ کیاجائے، دھوکے اور فراڈ سکیم کو ختم کرنا ہوگا،بجلی و گیس پر عائد ٹیکسز واپس لینا ہوں گے،تاجر کپیسٹی پے منٹ نہیں دیں گے، ٹیرف کے نام پر مفت خوری نہیں چلے گی ،پانی پلوں کے نیچے سے گزر چکا اب قربانی حکمرانوں کو دینا ہوگی ،عیاشیوں کا بوجھ عوام نہیں اٹھا سکتے ،تاجر وں کو اسلام آباد بلانے کا آپشن بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہاہڑتال حکومت پر عدم اعتماد ہے،تاجر دشمن سکیم کو ہر صورت واپس لینا ہوگا، حکمرانوں نے معیشت کا بھٹہ بٹھانے میں اہم کردار ادا کیا، حکمران عوام کو کھائی میں پھینک کر خود کنارے بیٹھ کر عیاشیاں کر رہے ہیں، عوام کا بھرکس نکالنے والی حکومت کو گھر جانا چاہیے،آئی ایم ایف کا بہانہ بنا کر قوم کو بےوقوف بنایا جا رہا ہے،حکومت بجلی بلوں پر ٹیکس اور کرایہ فوری ختم کرے، اشیائے خور و نوش پر ودہولڈنگ ٹیکس کا قانون واپس لیا جائے۔

دریں اثنا امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ملک گیرشٹرڈاون کی کامیابی پرعوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاحکمرانوں کو واضح پیغام مل گیا، بجلی سستی، ٹیکسز کم اور اپنی مراعات و عیاشیاں ختم کرو،پہلی کال تھی، حکومت نے عوام کو ریلیف نہ دیا تو ہڑتالوں کاسلسلہ نہیں رکے گا، تاجروں، سیاسی و سماجی تنظیموں سے مشاورت کے بعد اگلی کال دیں گے،کسی کو کاروبار بند کرنے کا شوق نہیں، معیشت و کاروبار حکومت نے تباہ کیے، حقوق کے حصول کےلئے جدوجہد کے علاوہ اورکوئی راستہ نہیں۔

منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاحکمرانوں کے پاس معاہدے پر عملدرآمد کےلئے 25دن رہ گئے، عملدرآمد نہ ہوا تو لانگ مارچ، دھرنوں اور ہڑتالوں کے آپشنز موجود ہیں،تاجروں میں تقسیم کی حکومتی سازشیں ناکام ہو گئیں،قوم متحد ہے،جماعت اسلامی کی ”حق دو عوام کو“ تحریک مزید آگے بڑھے گی، ظلم اب برداشت نہیں کیا جائے گا، صرف حکمران خاندانوں کی آئی پی پیز کے کیپسٹی چارجز ختم ہو جائیں تو پورے ملک کے عوام کےلئے بجلی سستی ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم کے کوآرڈی نیٹر رانا احسان افضل نے کہا حکومت کسی صورت تاجروں کے دبا ﺅمیں نہیں آئے گی، ریٹیلرز کو ہر صورت ٹیکس نیٹ میں آنا پڑے گا،مذاکرات سے نہیں بھاگیں گے،تاجروں کو لگتا ہے غلط کر رہے ہیں تو دوبارہ بیٹھ سکتے ہیں، وزیراعظم کو ایف بی آر کی تنظیم نو کرنی ہے۔

دریں اثناایف بی آر ٹیکس سکیم میں تاجروں کی مرضی کی تبدیلیوں کےلئے تیار ہوگیا،ذرائع ایف بی آر کے مطابق اگر تاجر تیار ہوں تو ترمیمی نوٹ فوری جاری ہو سکتا ہے، چھوٹے تاجروں کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے کی ترمیم مسودے میں شامل ہے،10 کروڑ روپے سالانہ ٹرن اوور پر سیلز ٹیکس کا اطلاق نہ کرنے کی تجویز ہے۔