اسلام آباد:(بیورورپورٹ)چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے ریمارکس دئیے حالت جنگ میں ہیں، بلوچستان میں جو ہو رہا سب کے سامنے ہے،نہیں ہو سکتا آپ ایک جماعت کو جلسے کی اجازت دیں اور دوسری کو نہ دیں۔
جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی اسلام آباد جلسے کا این او سی معطل کرنے پر توہین عدالت کیس پر سماعت کی ،وکیل شعیب شاہین نے کہا جلسے کی اجازت دی گئی پھر آخری دن این او سی معطل کر دیا گیا، انتظامیہ نے 22 اگست کو جلسے کی اجازت کا بیان حلفی عدالت میں دیا تھا۔
چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا کیا جلسے کا این او سی امن و امان کی صورتحال کے باعث معطل کیا گیا؟ آخری رات ہی این او سی معطل کرنے کا کیوں بتاتے ہیں؟،حالت جنگ میں ہیں، بلوچستان میں جو ہو رہا سب کے سامنے ہے، پی ٹی آئی والے ایک پارٹی کے سپورٹر لیکن پہلے انسان اور پاکستانی شہری ہیں،جسٹس عامر فاروق نے کہالوگ دور دراز سے چل چکے ہوتے ہیں بعد میں پتہ چلتا جلسہ منسوخ ہو گیا، آپ پہلے بتا دیا کریں سکیورٹی خدشات ہیں اجازت نہیں دے سکتے۔
ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا پی ٹی آئی قیادت کا شکریہ انہوں نے جلسہ ملتوی کر دیا، ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو جلسے کی اگلی اجازت بھی دیدی ،چیف جسٹس نے استفسار کیا پورا اسلام آباد بند ہے ،کنٹینرز ہی کنٹینرز ہیں، وجہ کیا ہے؟ صرف ایک مارگلہ روڈ کھلا ہے وہاں بھی لمبی لائنیں لگی ہیں، کیا اچھا لگے گا کمشنر کو بلا کر شوکاز نوٹس جاری کروں؟،ایڈووکیٹ جنرل نے پی ٹی آئی کو 8 ستمبر کو جلسے کی اجازت کی یقین دہانی کرائی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے 8 ستمبر کو جلسہ ہے تو درخواست نمٹا نہیں رہے، درخواست کو 10 ستمبر تک ملتوی کرتے ہیں،بعدازاں چیف جسٹس نے پی ٹی آئی اسلام آباد جلسے کا این او سی معطل کرنے پر توہین عدالت کیس کی سماعت 10ستمبر تک ملتوی کردی۔
حالت جنگ میں ہیں، بلوچستان میں جو ہورہا سب کے سامنے ہے، ہائیکورٹ
















