اسلام آباد (مشرق نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے مقتول صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات اور جوڈیشل کمیشن کے قیام کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ چیف جسٹس، جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی، اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل شعیب رزاق نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کی بنائی گئی جے آئی ٹی میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، ارشد شریف کے پاس کسی ملک کا ویزا نہیں تھا۔ وکیل شعیب رزاق نے عدالت میں استدعا کی کہ دیگر صحافیوں کے قتل سے متعلق بھی جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ معروف صحافی حامد میر نے عدالت میں اپنے موقف میں کہا کہ پاکستان میں دیگر 14 صحافیوں کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی، کوئی صحافی ایکسیڈنٹ میں نہیں یا بم سے دھماکہ گیا یا گولی سے مارا گیا ہے۔
چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ جو کچھ کل ہوا پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے، ابھی بھی نوجوان ملک سے باہر جا رہے ہیں، ارشد شریف بھی پاکستان کا شہری تھا۔ اظہر صدیق نے کہا کہ ہم یہ کہہ رہے ہیں کہ کمیشن بنایا جائے جو بتائے ارشد شریف ملک سے باہر کیوں گئے، دو سال سے سن رہا ہوں کینیا حکومت کے ساتھ کوئی معاہدہ ہو رہا ہے۔
چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ یہ جو معاہدے کی بات کر رہے ہیں یہ کب تک ہو جائیگا۔ اس پر اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ایم ایل اے سے متعلق ہم دفتر خارجہ کو کہہ سکتے ہیں، وہ کینیا کے سفیر سے درخواست کر سکتے ہیں، جوڈیشل کمیشن بن بھی جاتا ہے تو کینیا میں جا کر وہاں لوگوں سے انوسٹی گیشن نہیں کر پائیگا۔ بعد ازاں عدالت نے جوڈیشل کمیشن کے قیام کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
ارشد شریف قتل کیس، جوڈیشل کمیشن کے قیام کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
















