اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی کابینہ نے آپریشن عزم استحکام کیلئے 20 ارب کی منظوری دےدی،وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی و سیاسی صورتحال سمیت 6 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا،دوران اجلاس وفاقی کابینہ نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے آپریشن عزم استحکام کیلئے20 ارب روپے کی منظوری دیدی، اقتصادی رابطہ کمیٹی سے بھی 20 ارب روپے کی منظوری لی جا چکی ہے، انسداد دہشت گردی کیلئے وفاقی کابینہ اپنی مسلح افواج کی مدد کریگی،وفاقی کابینہ نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن تعاون کے عزم کا اعادہ کیا،اجلاس میں ریکوڈک منصوبے کی سکیورٹی کی مد میں ایف سی بلوچستان کیلئے ایک ارب 95 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی، وفاقی کابینہ نے اپنے اخراجات کم کرنے اور کفایت شعاری کا بھی فیصلہ کیا،وفاقی حکومت میں رائٹ سائزنگ کمیٹی پہلے مرحلے کی سفارشات پیش کی گئیں جس کی کابینہ نے منظوری دےدی،کابینہ اجلاس میں سی سی ایل سی اور ای سی سی اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی، کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 22 اگست کے فیصلوں کی توثیق کی منظوری دی،وفاقی کابینہ کو پی ڈبلیو ڈی کے سٹاف اور پی ایس ڈی پی منصوبوں کی منتقلی کے امور پر بریفنگ دی گئی، اجلاس میں بیرون ملک کنونشن ریکوری آف میٹیننس سے متعلق ایجنڈا آئٹم کا بھی جا ئزہ لیا گیا، اجلاس میں بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات کی شدید مذمت اور شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کیلئے دعائے مغفرت کی گئی،اجلاس میں وزیر اعظم نے ہدایت دی ملوث دہشت گردوں کی جلد از جلد نشاندہی کرکے بھرپور کارروائی کی جائے، شہباز شریفنے اجلاس میں یوریا کھاد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ربیع فصل کیلئے یوریا کھاد کی بلا تعطل فراہمی کے حوالے سے فیصلے قابل ستائش ہیں ، کھاد کارخانوں کو بلا تعطل گیس فراہمی سے یوریا کی درآمد روک کر 13 کروڑ ڈالر کی بچت کی گئی،وزیر اعظم نے کفایت شعاری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تمام وزراءاور اداروں کو قوم کی ایک ایک پائی بچانے کیلئے ایسے بہتر فیصلے اٹھانے چاہئیں،وفاقی کابینہ اجلاس میں ادارہ جاتی اصلاحات کیلئے قائم کی گئی کمیٹی کی تجاویز پیش کی گئیں ، پہلے مرحلے میں 6 وزارتوں کے حوالے سے کمیٹی کی سفارشات کا نفاذ شروع کردیا گیا ہے،اجلاس میں وزیراعظم نے کو بریفنگ میں بتایا گیا گورننس کی بہتری اور ادارہ جاتی اصلاحات کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہے ہیں، اداروں کی ڈ یجیٹائزیشن اور سمارٹ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرا رہے ہیں،وزیر اعظم نے کہا ملک اس بات کا متحمل نہیں ہوسکتا کہ افسر شاہی اور اشرافیہ غریب عوام کے ٹیکس پر عیش کریں، جہاں تک ممکن ہوسکا خون کے آخری قطرے تک غریب عوام کی ایک ایک پائی کی حفاظت کروں گا، وزراءکفایت شعاری مہم کے اقدامات پر بھرپور عمل درآمد کو یقینی بنائیں، شہباز شریف نے کہا ملک دشمنوں کے ساتھ کوئی بات نہیں ہوگی، دہشت گردی کو ختم کرنے کا وقت آ گیا ہے،وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان کے آئین اور سبز ہلالی پرچم کو تسلیم کرنیوالوں سے بات چیت کے راستے کھلے ہیں ،گزشتہ چند دنوں میں دہشتگردی کے اندوہناک واقعات ہوئے، دہشتگردی کی حالیہ لہر میں 50 سے زائد پاکستانی شہید ہوئے، شہید ہونے والوں میں سکیورٹی فورسز کے بہادر جوان بھی شامل ہیں، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں نے بے گناہ پاکستانیوں کو نشانہ بنایا، کوئی شک و شبہ نہیں کہ ٹی ٹی پی کے دہشتگرد افغان سرزمین سے کارروائیاں کرتے ہیں، بلوچستان میں ہونے والی دہشتگردی کے تازہ واقعات کی شدید مذمت کرتا ہوں، دہشت گردوں کی غلط فہمی ہے کہ یہ اپنی دھاک بٹھا سکتے ہیں، ان کے مذموم مقاصد کا مقصد پاکستان کی ترقی کو روکنا ہے، دشمن قوتیں چین اور پاکستان کے درمیان خلیج پیدا کرنا چاہتی ہیں، سکیورٹی فورسز کی قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشتگردی کے حالیہ واقعات کو روکنا ضروری ہے، دہشتگردوں کےخلاف بہت مو¿ثر آپریشنز کئے گئے ہیں، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہمارا عزم پختہ ہے، افواج پاکستان کو دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام وسائل فراہم کریں گے، دہشتگردی کا ہر صورت خاتمہ کر کے دم لیں گے، پاک فوج اور قوم دہشتگردی کے خاتمے کیلئے یکسو ہے، صوبائی حکومتوں کےساتھ ملک کر دہشتگردی کے عفریت کو ختم کریں گے، دشمنوں کو پہچان کر ان کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانا ہوگا،وزیراعظم نے مزید کہا یہ کہنا کہ ملک کے کس حصے کے لوگوں کو بسوں سے اتار کر شہید کیا گیا، اس کے بجائے یہ کہنا ملکی سالمیت کے حوالے سے مناسب ہوگا کہ دہشت گردوں نے پاکستانیوں کو شہید کیا، جلد بلوچستان کا دورہ کر کے مکمل جامع بات چیت کروں گا اور صورتحال کا جائزہ لے کر فی الفور اقدامات کئے جائیں گے۔دریں اثناءنائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے بلوچستان کے معاملے پر سیاست نہ کریں، چاہے آپریشن پر 1 ہزار ارب لگیں ہمیں مل کر اس دہشت گردی پر قابو پانا ہوگا،سینٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا وزیراعظم ایک دو روز میں بلوچستان جارہے ہیں جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی وہاں پہنچ گئے ہیں، ہم آج بھی کہتے ہیں پاکستان کی ریاست کو تسلیم کرنے والوں سے مذاکرات ہونے چاہیے مگر ناراضی کے نام پر پہاڑوں پر چڑنے والوں کے اقدامات کی مذمت اور ان کےخلاف کارروائی ضروری ہے،پہاڑوں پر چڑھ کر قتل عام کرنے والے بیرونی ایجنسیوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں اور وہ ملک کو بحرانی کیفیت سے دوچار کرنا چاہتے ہیں، دشمن کی خواہش ہے ایٹمی طاقت کا حامل ملک کسی بھی صورت معاشی طور پر مستحکم نہ ہو، بلوچستان ہمیں اتنا ہی عزیز ہے جتنے دوسرے صوبے ہیں، ہر پاکستانی کا دل حالیہ دہشت گردی پر رنجیدہ ہے، ہمیں اس معاملے پر سیاست کے بجائے آگے ملکر بڑھنا ہوگا،سینٹ اور قومی اسمبلی کی ایک کمیٹی بنائی جائے اور دونوں طرف سے نمائندوں کو شامل کیا جائے، ایوان میں بہت ذہین لوگ ہیں اور سینٹ ایک فیڈریشن کی نمائندگی والی جگہ ہے جہاں بیٹھ کر کسی بھی علاقے کے مسائل کا حل نکالنا ضروری ہے،نائب وزیر اعظم نے کہا شفافیت کے ساتھ ہمیں سوچنا ہے کہ ہمیں ملک میں امن کیسے واپس لانا ہے، سال 2013 کا ڈیٹا اٹھائیں اور دہشت گردی کے واقعات کا موزانہ کریں، قوم نے 2014 میں اے پی ایس واقعے کے بعد آپریشن کا فیصلہ کیا، ہم نے کم وقت میں جنگ کی، آپریشن ضرب عضب، ردالفسار سے لڑائی لڑ کر صورت حال کو قابو کیا، ہم نے پیٹ کاٹ کر یہ قدم اٹھایا کیونکہ آپریشنز پر سالانہ 100 ارب روپے خرچ ہوئے، اگر اب دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ایک ہزار ارب کے اخراجات بھی آئے تو پھر ہمیں آپریشن کرنا چاہیے، ہمیں ایسے لوگوں کو کامیاب نہیں ہونے دینا جو ملک کے خلاف ہیں، ماضی میں ہم نے کامیاب آپریشن کیے مگر پھر مذاکرات کے نام پر بڑی غلطیاں کیں اور دہشت گردوں کو ہم نے جیلوں سے چھڑایا گیا، آپریشن کے باعث بھاگنے والے پاکستان دوبارہ واپس آئے،اسحاق ڈار نے کہا دشمن چاہتا ہے ہم ایٹمی قوت ہیں تو معاشی قوت کیسے بنیں، اس لیے سیاسی بحران اور معاشی بحران پیدا کیا جاتا ہے، اب بھی دیر نہیں ہوئی، معاشی اور دہشت گردی کے مسائل پر سوچنا چاہے، سینیٹ کو ملکر بیٹھنا ہوگا اور سیاست سے بالا ہوکر مسائل کا حل نکالنا ہوگا، ناراضی کے نام پر دہشت گردی کسی صورت قبول نہیں، ریاست تو ماں ہوتی ہے، آپ آئین ملک، قانون اور ریاست کو تسلیم کریں تو بات ہوگی، ہم نے ہر حال میں ملک میں امن قائم کرنا ہے، پیٹ کاٹ کر اگر دہشت گردی کیخلاف جنگ لڑنا پڑی تو لڑیں گے۔
آپریشن عزم استحکام، 20 ارب منظور، دہشت گردی ختم کرنے کا وقت آگیا، ملک دشمنوں سے کوئی بات نہیں ہوگی: وزیراعظم

















