ہسپتالوں کے ری ویمپنگ منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی کوشش ہے :سلمان رفیق

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران جنرل ہسپتال لاہور اور سروسز ہسپتال لاہور میں جاری ری ویمپنگ منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔متعلقہ افسران، کنٹریکٹرز اور ایکسین نے اس حوالے سے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کی آسانی کیلئے ری ویمپنگ منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ری ویمپنگ منصوبے میں معیار اور شفافیت بارے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے متعلقہ کنٹریکٹرز کو 31 اگست تک جنرل ہسپتال کے مزید چار آپریشن تھیٹرز مکمل فعال کرنے کی ہدایت کی ۔خواجہ سلمان رفیق نے کنٹریکٹرز کو دو شفٹوں میں کام بڑھا کر جنرل ہسپتال اور سروسز ہسپتال میں منصوبے کو مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے کہاکہ متعلقہ افسران کو سرکاری ہسپتالوں میں جاری ری ویمپنگ منصوبے کی مسلسل مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ سید واجد علی شاہ، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی، پرنسپل جنرل ہسپتال لاہور پروفیسر سردار الفرید ظفر، پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر زہرہ خانم، ایم ایس جنرل ہسپتال لاہور ڈاکٹر فریاد، ایم ایس سروسز ہسپتال لاہور ڈاکٹر عبدالمدبر، متعلقہ ایکسیئن، کنٹریکٹرز و دیگر افسران نے شرکت کی۔دریں اثناءصوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے بلوچستان کے علاقہ موسیٰ خیل میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے 23 بے گناہ افراد کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کااظہار کیا ہے۔