بوناراست کنیکٹیوٹی منصوبہ شروع، غیر روایتی چینلز کاخاتمہ ہو گا،وزیراعظم

اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے بوناراست کنیکٹیوٹی منصوبہ تاریخی سنگ میل ہے ،ڈیجیٹل ادائیگیوں کے انفراسٹرکچر کو وسعت ملے گی، منصوبے سے تارکین وطن جدیدٹیکنالوجی کے ذریعے شفاف و موثر اندازمیں رقوم کی منتقلی کر سکیں گے، حوالہ ،ہنڈی کا خاتمہ ،ترسیلات زر میں اضافہ اور کاروبار کو فروغ ملے گا۔


بوناراست کنیکٹیوٹی منصوبے کے نفاذ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاشہبازشریف نے کہا ڈیجیٹل گورننس کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں،تاریخی سنگ میل سے عرب دنیا کےساتھ تعلقات مزید مستحکم و جدید خطوط پر استوار ہوں گے،بوناراست سے عوام کو سہولت ،کاروبار فروغ پائے گا،رقوم کی منتقلی کے غیر روایتی چینلز کاخاتمہ ہو گا۔

دریں اثناجرمنی کی وفاقی وزیر برائے اقتصادی تعاون و ترقی سوینجا شولزے سے ملاقات میں وزیر اعظم شہبازشریف نے پا کستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کےلئے جرمنی کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا پاکستان ،جرمنی کے مابین باہمی طور پر مفید تجارتی و اقتصادی تعلقات موجود ہیں جن کو مزید مستحکم کرنے کے خواہش مند ہیں،وزیر شلزے نے وزیر اعظم کو چانسلر اولاف شولز کا تہنیتی پیغام پہنچایا اور پاکستان کےساتھ دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری و ترقیاتی تعاون کے شعبوں میں اشتراک مضبوط بنانے کےلئے جرمنی کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید برآں کانفرنس برائے ایشیائی روابط اور اعتماد سازی اقدامات (سیکا) کے سیکرٹری جنرل سفیر کیرات سری سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے میں فعال کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے،شہبازشریف نے اعتماد سازی اقدامات کے ذریعے علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے کےساتھ ایشیا میں امن، سلامتی و استحکام کو فروغ دینے کےلئے کانفرنس برائے ایشیائی روابط اور اعتماد سازی اقدامات (سیکا)کے بنیادی مقصد کےلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

ادھر عرب مانیٹری فنڈ کے چیئر پرسن ڈاکٹر فہد الترکی سے دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہازر مبادلہ کو قانونی طریقے سے ملک میں لانے کیلئے حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے،ملک میں ای کامرس کے شعبے اور معیشت کی ڈیجیٹائزیشن ترجیح ہے،بونا اور راست کے تعاون سے پاکستان ،مشرق وسطیٰ کے درمیان ڈیجیٹل رابطہ استوار ہونا انتہائی خوش آئند ہے۔