ملک بھر میں مون سون کی دھواں دھار اننگ، این ڈی ایم اے کا الرٹ ،ڈی جی خان میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ
لاہور‘ اسلام آباد، مری (کامرس رپورٹر+ بیورو رپورٹس) لاہور سمیت ملک بھر میں مون سون بارشوں کے دھواں دھار سپیل سے جل تھل ایک ہو گیا۔مری میں داخل ہونے کیلئے ڈرائیونگ لائسنس، پبلک سروس گاڑیوں کا فٹنس سرٹیفکیٹ ہونا لازمی قراردیدیا گیا ہے۔لاہور میں موسلا دھار بارش نے رنگ جما دیا، شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا جس کی وجہ سے شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔دوسری جانب راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی خوب بادل برسے جبکہ نارووال، پتوکی، منچن آباد اور دیگر شہروں میں تیز بارش سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ادھر کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ بارشوں سے ہری پور کے ندی نالوں اور دریائے دوڑ میں طغیانی آ گئی ہے اور نشیبی علاقے زیر آب آنے سے علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ادھر ملکہ کوہسار مری آنے والے سیاحوں کیلئے خصوصی ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی گئی۔سی ٹی او مری بینش فاطمہ نے کہا ہے کہ مری میں داخل ہونے کیلئے ڈرائیونگ لائسنس، پبلک سروس گاڑیوں کا فٹنس سرٹیفکیٹ ہونا لازمی ہے، بڑی گاڑیوں کے داخلے کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے، سیاح مری آنے کیلئے مکمل طور پر درست گاڑی کا انتخاب کریں۔دوسری طرف این ڈی ایم اے نے ڈی جی خان ڈویژن کے اضلاع ڈی جی خان اور راجن پور کے پہاڑی سلسلے میں ممکنہ فلیش فلڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا۔ اگلے 12 گھنٹے میں مذکورہ علاقوں میں درمیانے درجے کا سیلاب کا خطرہ ہے، عوام موسمی صورتحال اور الرٹس سے باخبر رہیں۔ تفصیلات کے مطابق این ڈی ایم اے نے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپلی کیشن لانچ کی ہے، جو کہ گوگل پلے اسٹور اور آئی او ایس ایپ اسٹور پر دستیاب ہے، تاکہ عوام کو بروقت الرٹس، ایڈوائزریز اور گائیڈ لائنز فراہم کی جاسکیں۔ خطرے سے دو چار علاقوں کے مکین سیلابی پانی میں چلنے، تیرنے یا گاڑی چلانے کی کوشش نہ کریں۔ سیلاب کے خطرے والے علاقوں سے بچنے کیلئے متبادل راستے استعمال کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔ این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں کو چوکس رہنے اور عوام کے لیے حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
















