مون سون کا تگڑا سپیل، جڑواں شہروں میں سیلابی صورتحال، رین ایمرجنسی نافذ
اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور (بیورو رپورٹ+ اپنے رپورٹر سے) ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ دونوں شہروں میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے،راولپنڈی اور اسلام آباد میں مسلسل موسلادھار بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح بڑھنے لگی ہے ،پی ڈی ایم اے کی جانب سے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے نالہ لئی میں مسلسل بارش کے باعث طغیانی کی صورتحال ہے جس کے پیش نظر نالہ لئی کو خالی کرایا جائے،ادھر لاہور میں بھی بادل برس پڑے، مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، گرمی کی شدت کم ہونے سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے جبکہ کراچی میں بھی بارش کا امکان ہے،دوسری جانب بلوچستان میں مون سون بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے، جھل مگسی کے علاقے ٹیپری میں لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں متاثر ہوئی ہیں، دیگر علاقوں کا آپس میں زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے،سوراب کے علاقے کیدر میں موسلادھار بارش سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے جبکہ گندان جھل ندی میں بھی سیلابی ریلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے،پی ڈی ایم اے نے آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے،ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث دریاﺅں، ڈیمز اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ 24گھنٹوں میں راولپنڈی 88ملی میٹر، گوجرانوالہ 17، بہاولنگر، قصور 11اور شیخوپورہ میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،پی ڈی ایم اے نے کہا دریائے سندھ میں نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال آئندہ چند روز تک برقرار رہنے کا خدشہ ہے، دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال بارے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے،دریائے چناب اور راوی سے منسلک ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، سیالکوٹ نالہ ایک میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، سیالکوٹ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات کی گئی ہے،ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا سپیل 14اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، ممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر انتظامات مکمل ہیں۔
















