لاہور (اپنے نمائندے سے) سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق ایک روزہ دورے پر ایران سے قطر پہنچ گئے۔جہاں انہوں نے حماس کے رہنما ڈاکٹر خالد مشعل سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اسماعیل ہانیہ شہید کے فرزاندان عبدالسلام ہانیہ، ولید ہانیہ سمیت حماس کی اعلیٰ قیادت بھی موجود تھی۔ سراج الحق نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اہل غزہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور بیت المقدس کی آزادی کیلئے ہر طرح کی قربانی کے پرعزم ہیں۔اسماعیل ہنیہ کی شہادت سے امت مسلمہ کا دل زخم خوردہ ضرور ہوا ہے لیکن ایک جذبہ بھی بیدار ہوگیا ہے۔ہم اس مسلسل جدوجہد پر حماس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔یہ جنگ محض فلسطین کی آزادی کی جنگ نہیں بلکہ امت مسلمہ اور عالم اسلام کے تحفظ،بقا اور سلامتی کی جنگ ہے۔حماس نے گریٹر اسرائیل کا منصوبہ خاک میں ملایا ہے۔ امت مسلمہ کے بچوں،جوانوں،بزرگوں اور خواتین میں شہادت کے جذبے کو ابھارا ہے۔پاکستان اور اسکے عوام اہل فلسطین کے ساتھ ہیں اور ہرح کی قربانی کیلئے تیار ہیں۔ حماس کے رہنما خالد مشعل نے اس موقع پر پاکستان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا،جماعت اسلامی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم توقع رکھتے ہیں کہ حکومت پاکستان آگے بڑھ کر مسئلہ فلسطین پر قائدانہ کردار ادا کرے۔1948سے اب تک پاکستان نے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا ہے اب وقت آیا کہ پاکستان اس قومی موقف کیلئے عملی اقدامات اٹھائے۔ پاکستان، انڈونیشیا، ایران، ترکی سمیت امت مسلمہ کا فرض ہے کہ وہ مسئلہ فلطین پر بھرپور آواز اٹھائیں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف ریاستی سطح پر آواز اٹھائیں۔ فرزندان اسماعیل ہنیہ شہید نے بھی اس موقع پر پاکستان کی عوام سمیت جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا خاندان کے دیگر افراد بھی آزادی فلسطین کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔اسماعیل ہنیہ ہمیشہ شہادت اور حالات سے باخبر تھے لیکن ان کے قدم پسپا نہیں ہوئے۔شہادت سے ہمارے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور ہم بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چل کر اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کریں گے۔ آخر میں سابق امیر جماعت اسلامی نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ اہل پاکستان ہمیشہ اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں،ا±ن کے دست و بازو ہیں۔پاکستان کا ہر پیر جواں ہر طرح کے تعاون کیلئے نہ سرف تیار ہے بلکہ عملی جدوجہد کیلئے بھی تیار ہے۔
حماس نے گریٹر اسرائیل منصوبہ خاک میں ملا دیا: سراج الحق

















