عوامی مطالبات ماننا ہوں گے ورنہ دھرنا تحریک کہیں وزارت عظمیٰ ہی نہ لے بیٹھے:حافظ نعیم الرحمن

کراچی، راولپنڈی (بیورو رپورٹ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے وزیراعظم کو عوام کے غصے سے بچنا ہے تو عوامی مطالبات ماننا ہوں گے ورنہ دھرنا تحریک کہیں ان کی وزارت عظمیٰ ہی نہ لے ڈوبے،حالات قابو سے باہر ہوگئے تو وزیراعظم کو ایئرپورٹ جانے کا موقع نہیں ملے گا، امیر جماعت اسلامی نے کراچی میں گورنر ہاوئس کے سامنے بیٹھے دھرنا مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاحکمرانوں نے ظلم کو انتہاوں پر پہنچادیا، ملک پر غیروں کا عملاً قبضہ ہوگیا،ہم تصادم نہیں چاہتے لیکن اگر عوام خود نکل کر حکمرانوں کا گھیراو کرنے لگیں ان کا گھروں سے نکلنا مشکل کردیں، جگہ جگہ انہیں پکڑنا شروع کردیں، حالات قابو سے باہر ہوجائیں گے تو پھر اس کا ذمہ دار کون ہوگا؟، وزیراعظم اور وزرا میٹنگ میں کہتے ہیں جماعت کی تجاویز قابل عمل ہیں مگر میڈیا میں کہتے ہیں تجاویز قابل عمل نہیں ہیں، بجلی کے بل کم کرنے میں ہی حکومت کی نجات ہے، تنخواہ دار طبقہ 368 ارب روپے کا ٹیکس ادا کررہا ہے اور سارا بوجھ تنخواہ دار طبقہ اٹھائے ہوئے ہے مگر جاگیرداروں سے انکم ٹیکس کیوں وصول نہیں کیا جاتا؟ اب یہ نہیں چلے گا، حکومت نے ہمارے مطالبات نہ مانے تو دھرنوں کاسلسلہ پختونخوا سے بلوچستان تک جائےگا، وزیراعظم کو عوام کے غصے سے بچنا ہے تو عوامی مطالبات ماننا ہوں گے ورنہ دھرنا تحریک کہیں ان کی وزارت عظمی ہی نہ لے ڈوبے ،علاوہ ازیں نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے دھرنا گاہ مری روڈ راولپنڈی میں خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جماعت اسلامی کا دھرنا سیاسی، مفاداتی ایجنڈا نہیں، حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے جھوٹ، مکر و فریب کی سیاست کررہی ہے، جماعت اسلامی سیاسی کریڈٹ نہیں عوام کے مسائل کا حل چاہتی ہے، مفادات اور پاور پالیٹکس سے بالا دھرنا جدوجہد نے عوام، خواتین، نوجوانوں، طلبہ و طالبات، کسانوں، مزدوروں، تاجروں، صنعت کاروں کو متحد اور متحرک کردیا ہے، حکومت کوپرامن سیاسی جمہوری مزاحمت کے سامنے سرنڈر کرنا ہوگا، ملک میں انارکی، فساد اور نفسا نفسی پھیلانے کی حکومتی سازش ناکام ہوگی۔