لاہور (اپنے نمائندے سے) اسلامی جمہوریہ ایران کے محکمہ حقوق بشری کی جانب سے ہر سال دنیا بھر میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والوں کو ”بین الاقوامی اسلامی ایوارڈ برائے انسانی حقوق“دیا جاتا ہے۔ رواں سال یہ ایوارڈ فلسطین میں جاری غاصبانہ قبضہ،ظلم و بربریت اور صیہونی سامراج کے خلاف آواز اٹھانے والوں کیلئے مختص کیا گیا تھا۔ دنیا بھر سے 47 افراد کو اس ایوارڈ کیلئے نامزد کرنے بعد 6 افراد کو منتخب کرلیا جاتا ہے۔ غزہ میں جاری بمباری اور جارحیت کیخلاف مضبوط آواز اٹھانے، اہل فلسطین سے مالی تعاون اور گرانقدر خدمات کے اعتراف میں سراج الحق کو بین الاقوامی اسلامی ایوارڈبرائے انسانی حقوق دیا گیا۔ دارالحکومت تہران میں منعقدہ اس تقریب میں دنیا بھر سے اسلامی ممالک کے سفراءنے شرکت کی۔حکومت ایران کے وزراءسمیت عدلیہ اور اعلیٰ حکومتی عہدیداران بھی اس میں شریک تھے۔ سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت ایک عظیم سانحہ ہے،وہ عالم اسلام کے ہیرو تھے،آج سے عالم اسلام کے ہر ماں باپ کی خواہش ہوگی وہ اپنے بچوں کا نام اسماعیل ہنیہ رکھے۔اسرائیل شکست کھاچکا ہے اور انسانی حقوق کے قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ ایران سمیت تمام اسلامی ممالک کا فرض ہے کہ وہ اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کریں اور اہل فلسطین کے ساتھ کھڑے ہوجائیں۔
اسماعیل ہنیہ کی شہادت عظیم سانحہ،شکست خوردہ اسرائیل انسانی حقوق کی دھجیاں اُڑا رہا ہے: سراج الحق
















